پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غلام مرتضی راہی کی غزلیں — Ghulam Murtaza Rahi Ghazals

غلام مرتضی راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بات بڑھتی گئی آگے مری نادانی سے (غزل)

بات بڑھتی گئی آگے مری نادانی سے

کتنا ارزاں ہوا میں اپنی فراوانی سے

خاک ہی خاک نظر آئی مجھے چاروں طرف

جل گئے چاند ستارے مری تابانی سے

بے تحاشہ جیے ہم لوگ ہمیں ہوش نہیں

وقت آرام سے گزرا کہ پریشانی سے

اب مرے گرد ٹھہرتی نہیں دیوار کوئی

بندشیں ہار گئیں بے سر و سامانی سے

آئے گا ایسا بھی اک موڑ سفر میں راہیؔ

گرد بھی میری نہ پاؤ گے تم آسانی سے

نایاب چیز کون سی بازار میں نہیں (غزل)

نایاب چیز کون سی بازار میں نہیں

لیکن میں ان کے چند خریدار میں نہیں

چھو کر بلندیوں کو پلٹنا ہے اب مجھے

کھانے کو میرے گھاس بھی کہسار میں نہیں

آتا تھا جس کو دیکھ کے تصویر کا خیال

اب تو وہ کیل بھی مری دیوار میں نہیں

عرفان و آگہی کی یہ ہم کس ہوا میں ہیں

جنبش تک اس کے پردۂ اسرار میں نہیں

اگلا سا مجھ میں شوق شہادت نہیں اگر

پہلی سی کاٹ بھی تری تلوار میں نہیں

مزید غزلیں از غلام مرتضی راہی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں