پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غلام محمد وامق کی غزلیں — Ghulam Mohammad Vamiq Ghazals

غلام محمد وامق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

راز دروں سے کوئی تو پردہ اٹھا سکے (غزل)

راز دروں سے کوئی تو پردہ اٹھا سکے

دل سے کوئی تو دل کا تعلق بتا سکے

تیری ہر ایک بات پہ جو سر جھکا سکے

ہے کون میری طرح جو نخرے اٹھا سکے

دل میں کسی کے کوئی کیوں ہوتا ہے جلوہ گر

اے کاش اس پہ بھی کوئی پہرہ بٹھا سکے

اک پھول اس کے ہاتھ میں ہے اس خیال سے

بلبل کو میرے سامنے نیچا دکھا سکے

تیری تباہ کار جوانی کے سامنے

دل کو کہاں مجال کہ وہ تاب لا سکے

لاکھوں نقوش ماضی مٹائے تو ہیں مگر

دل سے تمہاری یاد نہ ہرگز مٹا سکے

بے مروت ہے زندگی کیسی (غزل)

بے مروت ہے زندگی کیسی

پھر بھی اس سے یہ دوستی کیسی

آج محفل میں ہو گیا تنہا

سچ کی عادت یہ پڑ گئی کیسی

دن نکلتا ہے رات ہوتی ہے

اور ہوتی ہے زندگی کیسی

اگلے دم کا پتا نہیں لیکن

بات کرتا ہے آدمی کیسی

اک ذرا سے مفاد کی خاطر

دم ہلاتا ہے آدمی کیسی

زخم کھایا تو یہ سمجھ آیا

دنیا ہوتی ہے مطلبی کیسی

میرے لٹنے کی داستاں سن کر

تیرے لہجے میں بے رخی کیسی

ایسے مکار دور میں وامقؔ

تیرے چہرے پہ سادگی کیسی

مزید غزلیں از غلام محمد وامق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں