غلام مصطفی بیگ صابر براری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ کہہ رہے ہیں کہ یہ زیادتی ہے تھوڑی سی (غزل)
وہ کہہ رہے ہیں کہ یہ زیادتی ہے تھوڑی سی
ابھی تو مشق ستم ہم نے کی ہے تھوڑی سی
مری روش میں ابھی کجروی ہے تھوڑی سی
سنا ہے ایسی ہوا بھی اڑی ہے تھوڑی سی
کہیں یہ ترک تعلق کی ابتدا تو نہیں
اب اس کی یاد سے وابستگی ہے تھوڑی سی
قریب جو تھے مرے وہ قریب تر نہ ہوئے
مرے خلوص میں شاید کمی ہے تھوڑی سی
ذرا تو اتنی ہی پی کر تو دیکھ اے واعظ
جو میرے جام کی تہہ میں بچی ہے تھوڑی سی
خدا ملے گا نہ اس وقت تک تمہیں صابرؔ
جنون شوق میں جب تک خودی ہے تھوڑی سی
غم ہی غم ہے پوشیدہ ہر خوشی کے پردے میں (غزل)
غم ہی غم ہے پوشیدہ ہر خوشی کے پردے میں
موت ہی نظر آئی زندگی کے پردے میں
مسکرا رہے ہیں وہ مجھ سے پھیر کر نظریں
کچھ نوازشیں بھی ہیں بے رخی کے پردے میں
صفحۂ ادب اس کے نام کو جگہ دے گا
جو کہے بڑی باتیں سادگی کے پردے میں
مطمئن رہو یارو ہم کبھی کسی سے بھی
دشمنی نہیں کرتے دوستی کے پردے میں
باز آ گئے صابرؔ تم صنم پرستی سے
یہ دروغ گوئی ہے راستی کے پردے میں