غلام حسین ایاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
داستان درد دل اہل وفا کہنے لگے (غزل)
داستان درد دل اہل وفا کہنے لگے
یعنی ہر آواز کو تیری صدا کہنے لگے
لیجئے پھر توڑ دی یاروں نے زنجیر سکوت
لیجئے ہم زندگی کا مرثیہ کہنے لگے
یہ بھی اپنی تنگ نظری کی ہے اک واضح دلیل
ہم جو ہر چہرے کو اب اک آئنہ کہنے لگے
پھر نئی تہذیب کا اک باب روشن ہو گیا
لوگ پھر اب داستان ارتقا کہنے لگے
اتنی آوارہ مزاجی بھی ایازؔ اچھی نہیں
دیکھ تیرے بارے میں اب لوگ کیا کہنے لگے
زیست کا خالی کٹورا آپ ہی بھر جائے گا (غزل)
زیست کا خالی کٹورا آپ ہی بھر جائے گا
اپنے ہی جیسا کسی دن وہ مجھے کر جائے گا
شہر میں کوئی نہ رہ پائے گا بے نام و نشاں
جس طرف شیشے کی یورش ہوگی پتھر جائے گا
ندیاں اب بھاگتی پھرتی ہیں صحرا کی طرف
اب تو دریا کے تعاقب میں سمندر جائے گا
کھو چکے ہیں لوگ اپنے اپنے چہروں کا وقار
جو بھی جائے گا ترا ہم شکل بن کر جائے گا
وہ اتروا لے گا ہونٹوں سے لباس خامشی
وہ یہاں کوئی نہ کوئی گل کھلا کر جائے گا
میں ہوں اپنے دور کے اک صاحب فن کا کمال
آنے والا مجھ پہ دو آنسو بہا کر جائے گا
جتنی دوری سے صدا دیتے ہیں مجھ کو وہ ایازؔ
اس بلندی پر کہاں میرا مقدر جائے گا