پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غلام حسین راز کی غزلیں — Ghulam Husain Raaz Ghazals

غلام حسین راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شکوہ گلہ مطالبہ فریاد کچھ تو ہو (غزل)

شکوہ گلہ مطالبہ فریاد کچھ تو ہو

جینا اگر ہے اے دل برباد کچھ تو ہو

شیرین و دل نواز کوئی خواب ہی سہی

آخر تسلیٔ دل ناشاد کچھ تو ہو

خوش آ سکی نہ لذت تحسین نا شناس

تعریف بھی اگر ہو تو بنیاد کچھ تو ہو

ہاں مسکراؤ کھل کے سر دار دوستو

دل کش تمہارے قتل کی روداد کچھ تو ہو

آؤ نا گائیں نغمۂ آزادیٔ چمن

کنج قفس میں خاطر صیاد کچھ تو ہو

حسرت سے تک رہی ہے مری التجا حضور

کب تک خموش رہیے گا ارشاد کچھ تو ہو

احباب کے دلوں پہ کوئی نقش چھوڑ جا

اے رازؔ تیرے ذکر کی بنیاد کچھ تو ہو

دل کو پھر اس کی محبت کا گماں ہے کہ جو تھا (غزل)

دل کو پھر اس کی محبت کا گماں ہے کہ جو تھا

پھر غزل خواں مرا انداز بیاں ہے کہ جو تھا

ذہن میں جل تو اٹھے علم و ترقی کے چراغ

دل میں اخلاص مگر ہائے کہاں ہے کہ جو تھا

چھٹ گیا عقل کے ہاتھوں سے یقیں کا دامن

پھر وہی سلسلۂ وہم و گماں ہے کہ جو تھا

امن کے دعوے ہیں دن رات مگر کیا کہئے

اب بھی ہر سمت وہی شور فغاں ہے کہ جو تھا

خندۂ گل کی قسم گریۂ شبنم کی قسم

وہی انداز جہان دگراں ہے کہ جو تھا

ڈھونڈھنے میں تجھے تکلیف نہ ہوگی اے دوست

میرا اب بھی وہی مٹی کا مکاں ہے کہ جو تھا

اپنے قدموں پہ بھی تم دیکھ لو کچھ ہے کہ نہیں

میرے ماتھے پہ تو اب تک وہ نشاں ہے کہ جو تھا

شوق ہے عیش ہے اے رازؔ اداکاری ہے

اب کہاں عشق وبال دل و جاں ہے کہ جو تھا

مزید غزلیں از غلام حسین راز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں