پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غبار بھٹی کی غزلیں — Ghubaar Bhatti Ghazals

غبار بھٹی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جلوۂ حسن اگر زینت کاشانہ بنے (غزل)

جلوۂ حسن اگر زینت کاشانہ بنے

دسترس شمع کو حاصل ہو تو پروانہ بنے

دل نہ ہشیار رہے اور نہ دیوانہ بنے

یہ تمنا ہے کہ خاک در جانانہ بنے

حسن اے حسن یہ ہے تیری کرشمہ سازی

کعبہ بن جائے کہیں اور کہیں بت خانہ بنے

ہوش اور کشمکش ہوش الٰہی توبہ

وہی ہشیار ہے الفت میں جو دیوانہ بنے

اس تمنا سے میں اے عشق خجل ہوتا ہوں

دل کی تقدیر کہ وہ حسن کا نذرانہ بنے

حسن محسوس سے ہے جلوۂ مطلق مطلوب

نہ سہی کعبہ تو دل مائل بت خانہ بنے

مے پرستی کا معین کوئی معیار نہیں

جس کا جو ظرف ہو ساقی وہی پیمانہ بنے

ان کی سرشار نگاہوں کے تصدق کہئے

حاصل کیف جو پیمانہ بہ پیمانہ بنے

سوز الفت کے خدا شمع نہیں ہے نہ سہی

پھونک اتنا مری ہستی کو کہ پروانہ بنے

ساغر دل میں ہے کیفیت صہبائے الست

بوند بوند اس کی نہ کیوں حاصل مے خانہ بنے

آپ اک روز توجہ سے جو سن لیں سر بزم

دل کی روداد کا ہر لفظ اک افسانہ بنے

آج مجھ کو وہ مئے ہوش ربا دے ساقی

اور تو اور دل اپنے سے بھی بیگانہ بنے

کاش مٹ مٹ کے مری ہستیٔ ناچیز غبارؔ

خاک ہو جائے تو خاک در جانانہ بنے

تسلی کو ہماری باغباں کچھ اور کہتا ہے (غزل)

تسلی کو ہماری باغباں کچھ اور کہتا ہے

گلستاں سے مگر اڑتا دھواں کچھ اور کہتا ہے

بہم کچھ سازشیں پھر ہو رہی ہیں برق و باراں میں

ہر اک طائر سے لیکن آشیاں کچھ اور کہتا ہے

سمجھتے ہیں خدا معلوم کیا کچھ کارواں والے

زباں میں اپنی میر کارواں کچھ اور کہتا ہے

نہ پھولو اس طرح سے نغمۂ مرغ خوش الحاں پر

تمہیں آوازۂ بانگ اذاں کچھ اور کہتا ہے

مگر محروم زاہد ہو گیا ہے گوش شنوا سے

اسے بت خانے میں حسن بتاں کچھ اور کہتا ہے

یہ خوش فہمی کہ کچھ سمجھے ہوئے ہیں انجمن والے

مگر ہر اک سے رنگ داستاں کچھ اور کہتا ہے

ٹھہر جا ہاں ٹھہر جا جانے والے اس کو سنتا جا

بہ حال نزع تیرا نیم جاں کچھ اور کہتا ہے

مخالف اس کے کچھ کچھ آ رہی ہیں دل کی آوازیں

مگر ہم سے حجاب درمیاں کچھ اور کہتا ہے

نہ رہنا چاہئے گلشن میں مرعوب خزاں ہو کر

کہ ہم سے آج رنگ گلستاں کچھ اور کہتا ہے

مزید غزلیں از غبار بھٹی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں