پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غبار کرت پوری کی غزلیں — Ghubar Kiratpuri Ghazals

غبار کرت پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سکون قلب ہو تم روح کا قرار ہو تم (غزل)

سکون قلب ہو تم روح کا قرار ہو تم

مری حیات محبت کے رازدار ہو تم

نگاہ ناز سے لوٹے ہیں میرے قلب و جگر

اسیر زلف کیا اس کے ذمے دار ہو تم

مرے ضمیر نے سمجھا مری نظر نے کہا

مری طلب کے لیے حسن انتظار ہو تم

سکون قلب ملا ہے ہماری محفل میں

مری نگاہ کا مرکز ہو میرے یار ہو تم

جدا جدا ہیں نگاہیں جدا جدا ہے خیال

مری نگاہ میں بس شان کردگار ہو تم

مرے چمن کی تباہی کسی کو کیا معلوم

خزاں رسیدہ چمن کی مرے بہار ہو تم

جہاں میں اپنے پرائے سبھی مخالف ہیں

غبارؔ غم میں مگر میرے غم گسار ہو تم

وہ انساں جو شکار گردش ایام ہوتا ہے (غزل)

وہ انساں جو شکار گردش ایام ہوتا ہے

بھلا کرتا ہے دنیا کا مگر بدنام ہوتا ہے

جو دیکھو غور سے ہر شعر اک الہام ہوتا ہے

سبھی اشعار سے ظاہر کوئی پیغام ہوتا ہے

دہل جاتے ہیں دل کلیوں کے گلشن تھرتھراتا ہے

چمن میں جب کوئی طائر اسیر دام ہوتا ہے

خرد حائل ہوا کرتی ہے جب بھی راہ الفت میں

جنون عشق صادق مفت میں بدنام ہوتا ہے

جب آ جاتا ہے غالب زور باطل حق پرستوں پر

نظام جبر سے ہر سو بپا کہرام ہوتا ہے

یہ دنیا ہے عجب اس میں بھلا کیا کیا نہیں ہوتا

یہاں معصوم انساں مورد الزام ہوتا ہے

ہے مے خانہ غبارؔ اس میں کسی کو حق نہیں ملتا

زبردستی اٹھا لے جو اسی کا جام ہوتا ہے

مزید غزلیں از غبار کرت پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں