پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غوث متھراوی کی غزلیں — Ghous Mathravi Ghazals

غوث متھراوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زمیں کی حد اگر کوئی نہیں ہے (غزل)

زمیں کی حد اگر کوئی نہیں ہے

تو پھر میرا بھی گھر کوئی نہیں ہے

قفس میں بند ہے پرواز میری

امید بال و پر کوئی نہیں ہے

ہنر ان کو سکھاتا پھر رہا ہوں

مگر خود میں ہنر کوئی نہیں ہے

خبر اخبار میں آئے نہ آئے

خبر سے بے خبر کوئی نہیں ہے

یہاں تو بس پڑاؤ ہے ہمارا

ہمارا اپنا گھر کوئی نہیں ہے

یہ شہر آرزو ہے غوثؔ ایسا

جہاں حد نظر کوئی نہیں ہے

قلب و نظر کے سلسلے میری نگاہ میں رہے (غزل)

قلب و نظر کے سلسلے میری نگاہ میں رہے

مجھ سے قریب تر نہ تھے جو تری چاہ میں رہے

قہر خدا کی زد پہ کیوں آ نہ سکے سیاہ کار

کس کی سپردگی میں تھے کس کی پناہ میں رہے

صورت حال دیکھ کر سب کو ہے فکر یہ کہ اب

جسم اماں میں ہو نہ ہو کج تو کلاہ میں رہے

دار و رسن کے فیصلے سچ کے امین ہوں اگر

تھوڑی سی جرأت سخن حرف گواہ میں رہے

کوئی سبب تو تھا کہ غوثؔ فہم و ذکا کے باوجود

کار ثواب چھوڑ کر کار گناہ میں رہے

مزید غزلیں از غوث متھراوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں