Ghazal Ansari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بھلانا ہے بہت مشکل مگر پھر بھی بھلانا ہے (غزل)
بھلانا ہے بہت مشکل مگر پھر بھی بھلانا ہے
تری یادوں کو دل سے اب تو ہر صورت مٹانا ہے
بہت رسوائیاں سہہ لیں دل برباد کی خاطر
مگر الفت پنپ سکتی نہیں ایسا زمانہ ہے
مرا دامن پکڑ لیتی ہیں وہ معصوم سی یادیں
مرے جیون میں تیری یاد ہی واحد خزانہ ہے
تو آنکھوں میں تو یادوں میں تو ہر دم میرے خوابوں میں
کھلے جب آنکھ تو ہر سو وہی منظر پرانا ہے
ملائے عشق جو رب سے غزلؔ ہے عشق وہ سچا
خدا سے لو لگا لے پھر نہیں کچھ یاد آنا ہے
اب زندگی کا کوئی سہارا نہیں رہا (غزل)
اب زندگی کا کوئی سہارا نہیں رہا
سب غیر ہیں کوئی بھی ہمارا نہیں رہا
اغیار کی نظر میں رہے مثل خار ہم
اب جینا جاگنا بھی ہمارا نہیں رہا
صوبائی عصبیت نے کھلائے کچھ ایسے گل
اب بھائی بھائی کا بھی سہارا نہیں رہا
اب تو ہماری ناؤ ہے طغیانیوں کے بیچ
نزدیک و دور کوئی کنارا نہیں رہا
خون جگر سے سینچا تھا ہم نے جو اک شجر
ہاں اب تو وہ شجر بھی ہمارا نہیں رہا
چن چن کے تنکے ہم نے بنایا تھا آشیاں
یہ کیا غضب وہ گھر بھی ہمارا نہیں رہا
ماضی کی کچھ حسین سی یادیں ہی رہ گئیں
آنکھوں میں اور کوئی نظارہ نہیں رہا
اہل چمن یہ کہتے ہیں آگے بڑھوں غزلؔ
اب کوئی حق چمن یہ تمہارا نہیں رہا