غیور جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر شخص کو حیرت کی تصویر بنا دے گا (غزل)
ہر شخص کو حیرت کی تصویر بنا دے گا
اب کیا کسی پیکر کو آئینہ جلا دے گا
رجعت بھی کرے گا تو ٹھہرا ہوا سیارہ
سورج کی محبت میں گھر اپنا جلا دے گا
کم بخت کو اتنا بھی احساس نہیں شاید
جینے کے لئے اپنے اوروں کو دعا دے گا
کچھ یاد نہیں مجھ کو میں کون ہوں کیسا ہوں
کیا کوئی مجھے میری پہچان بتا دے گا
سوچو تو غیورؔ اس کا احساس بھی قاتل ہے
اک بار تو ہنس دے گا سو زخم لگا دے گا
وہاں ہر آدمی چکرا گیا ہے (غزل)
وہاں ہر آدمی چکرا گیا ہے
جہاں سے راستہ بل کھا گیا ہے
کوئی اک پل میں غائب ہو چکا ہے
کسی کو دیر تک سوچا گیا ہے
کہیں پر شور آوازوں کا جنگل
کہیں تا دور سناٹا گیا ہے
اب اتنا تو ہواؤں میں نہ پھینکو
کبھی پتھر بھی واپس آ گیا ہے
ہے ذکر اپنی ہی شوریدہ سری کا
کہ آخر آج اسے ہو کیا گیا ہے
برہنہ تھا مری آنکھوں میں کوئی
پڑی اپنی نظر شرما گیا ہے
مزید غزلیں از غیور جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں