غوثیہ خان سبین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ابھی دیکھی کہاں ہیں آپ نے سب خوبیاں میری (غزل)
ابھی دیکھی کہاں ہیں آپ نے سب خوبیاں میری
نگاہیں ڈھونڈھتی ہیں آپ کی بس خامیاں میری
مرا کردار دنیاں میں شہادت سے منور ہے
نظر آئیں فلک پر سب کو روشن سرخیاں میری
وہاں برسوں تلک پھولوں کی کھیتی ہوتی رہتی ہے
برس جاتی ہیں جن خطوں پہ جا کر بدلیاں میری
میں ہر نیکی کو اپنے دشمنوں میں بانٹ دیتی ہوں
ثمر آور رہا کرتی ہیں اس سے نیکیاں میری
زمانہ چاہے جو سمجھے انا کے ساتھ زندہ ہوں
تمہیں بھی جیت لے گی ایک دن یے خوبیاں میری
کسی بھی معرکے پر اب تلک ہاری نہیں ہوں میں
مرا زیور رہا ہے دوستوں خودداریاں میری
جسے تم راکھ سمجھے ہو ابھی تک آگ ہے اس میں
کریدو مت جلا دے گی تمہیں چنگاریاں میری
سبینؔ اکثر میں دسترخواں سے اٹھ جاتی ہوں بن کھائے
کسی بھوکے کے کام آ جائیں شاید روٹیاں میری
مختصر سی بات کو بھی مسئلہ کہتے رہے (غزل)
مختصر سی بات کو بھی مسئلہ کہتے رہے
زندگی میں آپ کو کیوں رہنما کہتے رہے
بے وفا ہونے کا فتویٰ دے دیا ان نے ہمیں
عمر بھر جن کے ستم کو ہم وفا کہتے رہے
کر دیا مسمار ان نے ایک پل میں قصر دل
جن کے خستہ گھر کو بھی ہم خوش نما کہتے رہے
ہر گھڑی ہر وقت ہر پل ہر جگہ بے خوف ہم
وہ ہمارے تھے ہمارے ہیں سدا کہتے رہے
دھیرے دھیرے چل دئیے اس راہ پر ہم بھی سبینؔ
رات دن سب جس کو غم کی کربلا کہتے رہے
جب کبھی میں اداس ہوتی ہوں (نظم)
جب کبھی میں اداس ہوتی ہوں
اک ہجوم آنسوؤں کا پلکوں پر
منتظر اذن کو تڑپاتا ہے
کیا کروں میں سمجھ نہیں آتا
کس طرح سے تمہاری یادوں کو
صورت اشک میں بہا ڈالوں
کیا کہوں اک گھٹن کا عالم ہے
میں ہوں تنہائی اور تری یادیں
ہر گھڑی دل کو آرزو ہے یہی
جو ابھی تک نہیں ہوا جاناں
کاش ایسا کبھی تو ہو جائے
یاد آئے نہ تیری اس سے قبل
تو مرے سامنے چلا آئے