غیاث انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تجھے میں بھول جانا چاہتا ہوں (غزل)
تجھے میں بھول جانا چاہتا ہوں
یوں دل کو آزمانا چاہتا ہوں
نہ چھیڑو آج درد و غم کے قصے
میں کھل کر مسکرانا چاہتا ہوں
مری تحویل میں جو بھی ہے یارو
تمہیں پہ سب لٹانا چاہتا ہوں
بہت بوجھل سے لگتے ہیں مناظر
میں ان سے دور جانا چاہتا ہوں
خیال و فکر کا دم گھٹ رہا ہے
نئی دنیا بنانا چاہتا ہوں
کسی کی یاد کی خوشبو کو انجمؔ
میں رگ رگ میں بسانا چاہتا ہوں
خسارے میں رہے لیکن نہ چھوڑی سادگی ہم نے (غزل)
خسارے میں رہے لیکن نہ چھوڑی سادگی ہم نے
بہ ہر صورت نبھائی دشمنوں سے دوستی ہم نے
سلف تھے جو ہمارے مثل خورشید و مہہ و انجم
انہی کے راستے پہ چل کے پائی روشنی ہم نے
ادب کے دائرے کو دے دی وسعت سارے عالم کی
کہ اس کی آبیاری کی برائے زندگی ہم نے
جہاں والو نہ مانو تم مگر سچ ہے کہ دنیا میں
بڑھایا ہے تہ خنجر وقار عاشقی ہم نے
یہاں سچ بولنے پر زہر کا پیالہ ہی ملتا ہے
عجب رسم ستم دیکھی ہے تیرے شہر کی ہم نے
وسائل جب کہ سارے ہو چکے تھے بے اثر انجمؔ
چراغ دل جلا کر دور کی ہے تیرگی ہم نے