پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غنی اعجاز کی غزلیں — Ghani Ejaz Ghazals

غنی اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے وفا کے وعدہ پر اعتبار کرتے ہیں (غزل)

بے وفا کے وعدہ پر اعتبار کرتے ہیں

وہ نہ آئے گا پھر بھی انتظار کرتے ہیں

لوگ اب محبت میں کاروبار کرتے ہیں

دل بچا کے رکھتے ہیں جاں شکار کرتے ہیں

عشرتیں جہاں بھر کی بس انہیں کا حصہ ہے

جو روش زمانے کی اختیار کرتے ہیں

شخصیت میں جھانکیں تو اور ہی تماشہ ہے

باتیں جو نصیحت کی بے شمار کرتے ہیں

اپنے دم قدم سے تو دشت بھی گلستاں ہے

ہم جو خارزاروں کو لالہ زار کرتے ہیں

جان سے گزرتے ہیں بے خودی میں اہل دل

وہ جو چشم پر فن کو ذوالفقار کرتے ہیں

ہوں شگوفے شاخوں کے یا لویں چراغوں کی

سب ہوا کے دامن پر انحصار کرتے ہیں

ہم کہاں کے دانا ہیں کس ہنر میں یکتا ہیں

لوگ پھر بھی جانے کیوں ہم سے پیار کرتے ہیں

جس جگہ پہ خدشہ ہو پیر کے پھسلنے کا

ہم قدم وہیں اعجازؔ استوار کرتے ہیں

تیر جیسے کمان سے نکلا (غزل)

تیر جیسے کمان سے نکلا

حرف حق تھا زبان سے نکلا

قید ہستی سے چھوٹنے والا

وقت کے امتحان سے نکلا

ٹک نہ پایا ہوا کے جھونکوں میں

پر شکستہ اڑان سے نکلا

شیر آیا کچھار سے باہر

اور شعلہ مچان سے نکلا

غم وہ کانٹا کہ آخری دم تک

دل کو چھوڑا نہ جان سے نکلا

جب اجل جھانکتی پھری گھر گھر

کون زندہ مکان سے نکلا

ظلمتوں کا سفیر تھا کیا تھا

سایہ اک سائبان سے نکلا

مصلحت روکتی رہی اعجازؔ

تھا جو دل میں زبان سے نکلا

مزید غزلیں از غنی اعجاز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں