پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غنی احمد غنی کی غزلیں — Ghani Ahmad Ghani Ghazals

غنی احمد غنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ کیوں مغموم و دل برداشتہ ہیں (غزل)

وہ کیوں مغموم و دل برداشتہ ہیں

یہ سارے زخم تو خود ساختہ ہیں

وہ ہم پر مہرباں بے ساختہ ہیں

مگر ہم ہیں کہ دل برداشتہ ہیں

مرے کچھ ہم سفر ہم راہ میرے

اگر ہیں بادل نا خواستہ ہیں

اٹھاتے ہیں وہ ہم پر انگلیاں اب

جو اپنے ساختہ پرداختہ ہیں

کہاں اب جائیں نکتہ چیں ہمارے

شکستہ دل ہزیمت یافتہ ہیں

مرے اشعار دل میں کیوں نہ اتریں

کہ برجستہ قلم برداشتہ ہیں

تم اپنی راہ لو ناصح نہ الجھو

ہمارا کیا ہے ہم جاں باختہ ہیں

عنایت کم نہیں ہم پر فضا کی

بڑی حد تک تو ہم خود ساختہ ہیں

یہی ناکامیاں ہیں اپنی منزل

یہی دشواریاں ہی راستہ ہیں

جہاں میں قحط صلح و آشتی ہے

جدھر دیکھو صفیں آراستہ ہیں

ارادے ہیں غنیؔ صاحب کدھر کے

بہت آراستہ پیراستہ ہیں

تم آ گئے جو یہاں رات کے اندھیرے میں (غزل)

تم آ گئے جو یہاں رات کے اندھیرے میں

ہیں چاندنی کا سماں رات کے اندھیرے میں

تمہیں ہے شوق بہت تتلیاں پکڑنے کا

پھرو نہ یوں مری جاں رات کے اندھیرے میں

بھٹکتی پھرتی ہیں روحیں اندھیری راتوں میں

نکل پڑے ہو کہاں رات کے اندھیرے میں

تمہاری یاد نے دل کش بنا دیا ورنہ

یہ دل کشی تھی کہاں رات کے اندھیرے میں

یہاں تو دن کے اجالے میں لوگ ڈرتے ہیں

کہاں چلے ہو میاں رات کے اندھیرے میں

مرا حریف مخاطب ہے مجھ سے یوں جیسے

صدائے شور سگاں رات کے اندھیرے میں

جب آ گئی ہے طبیعت تو فکر کیا واعظ

ملے گا کون یہاں رات کے اندھیرے میں

یہ کس خیال میں گھر سے نکل پڑے ہو غنیؔ

سکوں ملے گا کہاں رات کے اندھیرے میں

مزید غزلیں از غنی احمد غنی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں