پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غمگین دہلوی کی غزلیں — Ghamgeen Dehlvi Ghazals

غمگین دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ پوچھ ہجر میں جو حال اب ہمارا ہے (غزل)

نہ پوچھ ہجر میں جو حال اب ہمارا ہے

امید وصل ہی پر ان دنوں گزارا ہے

نہ دیکھوں تجھ کو تو آتا نہیں کچھ آہ نظر

تو میری پتلی کا آنکھوں کی یار تارا ہے

مجھے جو بام پہ شب کو بلائے ہے وہ ماہ

مگر عروج پہ کیا ان دنوں ستارا ہے

یقین جان تو واعظ کہ دین و دنیا میں

بس اس کی صرف مجھے ذات کا سہارا ہے

عجب طرح سے نظر پڑ گیا مرے ہمدم

قیامت آہ وہ مکھڑا بھی پیارا پیارا ہے

مجھے جو دوستی ہے اس کو دشمنی مجھ سے

نہ اختیار ہے اس کا نہ میرا چارا ہے

کہا جو میں نے پلاتے ہو بزم میں سب کو

مگر ہمیں ہی نہیں کیا گنہ ہمارا ہے

تو بولے وہ کہ جسے چاہیں ہم پلائیں شراب

خوشی ہماری ترا اس میں کیا اجارا ہے

گیا وہ پردہ نشیں جب سے اپنے گھر غمگیںؔ

تمام خلق سے دل کو مرے کنارا ہے

اس کی صورت کا تصور دل میں جب لاتے ہیں ہم (غزل)

اس کی صورت کا تصور دل میں جب لاتے ہیں ہم

خود بہ خود اپنے سے ہمدم آپ گھبراتے ہیں ہم

ہوش گر رہتا ہو تجھ کو ہم سے پوشیدہ نہ رکھ

جب وہ یاں آتا ہے اے دل تب کہاں جاتے ہیں ہم

بیٹھے بیٹھے کیوں یکایک ہائے دل کھویا گیا

ہمدم اس کا کچھ سبب ڈھونڈے نہیں پاتے ہیں ہم

خود بہ خود کل شب کو وہ بولے اٹھا منہ سے نقاب

جو نہ دیکھا ہو کسی نے مجھ کو، دکھلاتے ہیں ہم

بے سبب ہو کر خفا جب کچھ سناتا ہے وہ شوخ

جی ہی جی میں اپنے اوپر ہائے جھنجھلاتے ہیں ہم

شام کو ساقی کبھی آتا ہے گر تیرا خیال

صبح تک بھی ہوش میں اپنے نہیں آتے ہیں ہم

ہم نے غم کیا خاک کھایا غم نے ہم کو کھا لیا

لوگ اے ہمدم سمجھتے ہیں کہ غم کھاتے ہیں ہم

جام لے کر مجھ سے وہ کہتا ہے اپنے منہ کو پھیر

رو بہ رو یوں تیرے مے پینے سے شرماتے ہیں ہم

جو کلام عشق یہ ہرگز سمجھتا ہی نہیں

دل کو سو سو طرح غمگیںؔ ہائے سمجھاتے ہیں ہم

مزید غزلیں از غمگین دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں