غالب دریب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پڑھائی کرنے کے ہی درمیان کھینچتی ہے (غزل)
پڑھائی کرنے کے ہی درمیان کھینچتی ہے
کبھی کبھی تو وہ لڑکی یوں دھیان کھینچتی ہے
وہ بیٹھتی ہے دریچے میں رات ہوتے ہی
اور اس کے بعد ستاروں کے کان کھینچتی ہے
ہزار جان بھی قربان شاہزادی پر
کہ جس ادا سے وہ مجھ پر کمان کھینچتی ہے
یوں کھینچتے ہیں مجھے تیرے جھمکے اپنی طرف
کسی نمازی کو جیسے اذان کھینچتی ہے
کلیجے ان کے چباتی ہے بعد میں وہ دریبؔ
کہ واعظوں کی وہ پہلے زبان کھینچتی ہے
تھوڑا کبھی کبھی تو زیادہ لگا ہوا (غزل)
تھوڑا کبھی کبھی تو زیادہ لگا ہوا
رہتا ہے دل میں کوئی تماشا لگا ہوا
تجھ کو میں چھوڑ تو دوں مری دل ربا مگر
کب چھوٹتا ہے کوئی بھی نشہ لگا ہوا
پایا بھی میں نے اس کو مکمل نہیں ہے اور
کھونے کا اس کے رہتا ہے دھڑکا لگا ہوا
دل ہی کو میرے بھایا نہیں وہ پرایا پیڑ
شاخوں پہ اس کے پھل بھی تھا ورنہ لگا ہوا
اب کے ہوائے عشق چلی ہے کچھ اس طرح
جس سمت دیکھو ہے یہی چرچا لگا ہوا
تقدیر میں لکھی نہیں شاید کوئی خوشی
ہر وقت غم کا رہتا ہے تانتا لگا ہوا
مجھ کو لگا تھا زخم کوئی پہلی پہلی بار
اور زخم بھی تھا مجھ کو وہ گہرا لگا ہوا