پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غالب ہاشمی کی غزلیں — Ghalib Hashmi Ghazals

غالب ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شب غم سوز غم سے تن بدن میں آگ لگتی ہے (غزل)

شب غم سوز غم سے تن بدن میں آگ لگتی ہے

چراغ آرزو بجھتا ہے من میں آگ لگتی ہے

خزاں کا دور آتے ہی جھلس جاتے ہیں برگ گل

بہار آنسو بہاتی ہے چمن میں آگ لگتی ہے

نگاہ برق ساماں پر غلط ہے بارش تہمت

پہ چپ رہتی ہے پھر بھی تن بدن میں آگ لگتی ہے

سبیل ایسی ہو کوئی برق سوزاں سرد پڑ جائے

نشیمن کو بچاتا ہوں چمن میں آگ لگتی ہے

نگاہوں کے تصادم پر نگاہوں سے شکایت کیا

یہ ایسا حادثہ ہے من ہی من میں آگ لگتی ہے

تعلی بر طرف غالبؔ یہ حسن شعر گوئی ہے

مرے سوز سخن سے اہل فن میں آگ لگتی ہے

اب اہل ذوق خواہش مند ہیں ایسے سخنداں کے (غزل)

اب اہل ذوق خواہش مند ہیں ایسے سخنداں کے

جو اپنے شعر و نغمہ سے بدل دے ذہن انساں کے

بہت چکر لگائے ہم نے صحرائے گلستاں کے

مگر بھولے نہیں وہ خم کسی کی زلف پیچاں کے

زمانے کی روش پر چل کے میں اس موڑ پر پہنچا

جہاں بے بس ہے انساں سیکڑوں دشمن ہیں انساں کے

مجھے درد محبت چین سے جینے نہیں دیتا

بہت ہی دل شکن برتاؤ ہیں اس آفت جاں کے

اگر میرے جنوں کا سایہ پڑ جائے گلستاں پر

بہار گلستاں چنتی پھرے کانٹے بیاباں کے

کلام مرزا غالبؔ میں اے غالبؔ وہ لطافت ہے

تبرک کی طرح بانٹے گئے اشعار دیواں کے

مزید غزلیں از غالب ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں