غالب احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا کرے حال دل بیاں کوئی (غزل)
کیا کرے حال دل بیاں کوئی
نہ رہا زیب داستاں کوئی
پھر ہے قلب و نظر میں یکسوئی
کاش آ جائے ناگہاں کوئی
آنکھ شبنم کی دیکھتی ہے کسے
چاندنی میں ہوا جواں کوئی
شہر سے دور دن کا پھول کھلا
دشت میں بھی ہے گلستاں کوئی
دل بھی ہم راز آرزو نکلا
اب نہیں اپنا رازداں کوئی
چھوڑ دکھ سکھ کی منزلوں کا طواف
دل میاں ڈھونڈ آستاں کوئی
دور اپنوں سے ہو رہے ہیں لوگ
دیکھیے کب ملے کہاں کوئی
موسم بدل سکے نہ ترے انتظار کے (غزل)
موسم بدل سکے نہ ترے انتظار کے
اب کے بھی دن گزر گئے یوں ہی بہار کے
غم خیز و غم شناس مری پر شکوہ رات
کب آؤگی پہاڑ سا یہ دن گزار کے
آیا حضور یار سے شاعر کو یہ پیام
آئے شراب و شعر کا چوغا اتار کے
دل میں ترے اتر نہ سکی میری کوئی بات
لکھے ہیں لاکھ شعر غزل کے سنوار کے
ایک مشت خاک بن کے اڑا دل کا کارواں
دشت طلب میں اب بھی نشاں ہیں غبار کے
دوست رخصت ہو گئے (نظم)
دوست رخصت ہو گئے
ان سے ملاقاتیں گئیں باتیں گئیں
شہر تھا آباد جن کے دم قدم سے
وہ ہماری چاندنی راتیں گئیں
مرنے والے مر گئے
زندہ مگر ہم بھی نہیں
وہ تو غسل آخری لے کر ہوئے پھر تازگی سے آشنا
نتھرے ستھرے اوڑھ کر اپنی سفیدی کے کفن
کافور کی خوشبو کو نتھنوں میں سمائے
سو گئے آرام سے ٹھنڈے بدن
اپنی اپنی قبر پر تکیہ کیے
وہ تھکن کی اس مسلسل سرسراہٹ سے تو اب آزاد ہیں
سانس کی زنجیر سے لٹکے ہوئے
جاگتے رہنے کی کاوش اور لگن
اس تگ و دو سے پرے آباد ہیں
اور ہم
جو اس کنارے پر کھڑے
روز و شب لہروں کا کرتے ہیں شمار
آپ بیتی روز سنتے ہیں
مگر خاموش ہیں
خامشی سے بہتا پانی
روز بہتا دیکھتے ہیں
ڈوب جانے کی مگر ہمت نہیں
کون جانے ڈوب ہی جائیں کہیں
ڈوب جاؤ یا چلے آؤ ادھر
باز آؤ اور پھر زندہ رہو
ساتواں در بھی کھلا ہے منتظر
داغ ہجرت دے گئے خوشبو کے پھول
کون اب بن کر چراغ راہ تم کو
ہاتھ سے انگلی پکڑ کر
طفل مکتب کی طرح لے کر بڑھے
اور یہ کہے
موت کا لمحہ ہماری زندگی کا آ گیا
جسم کی ٹھنڈک تو دستک دے رہی ہے
آؤ کچھ باتیں کریں
اور پھر چلیں