پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گورو تریویدی کی غزلیں — Gaurav Trivedi Ghazals

گورو تریویدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں تھک چکا ہوں زمانہ کے چونچلوں سے اب (غزل)

میں تھک چکا ہوں زمانہ کے چونچلوں سے اب

سو چن رہا ہوں کچھ اک دوست دشمنوں سے اب

چلے گئے ہیں جو واپس نہیں ملا کرتے

ملوں گا خیر تمہیں میں بھی مشکلوں سے اب

نہ جانے کاٹ رہا ہوں میں کس لئے راتیں

ملے گا کیا ہی مجھے جانے رتجگوں سے اب

مٹا رہا ہوں اب اپنا میں اصل معنی خود

تلاش کرنا مجھے اپنے زاویوں سے اب

تمہارے دل میں بھی میری جگہ نہیں کوئی

مجھے بھی سیکھنا ہے جینا بے گھروں سے اب

تجھے پانے کی خواہش پھر جگی ہے (غزل)

تجھے پانے کی خواہش پھر جگی ہے

مگر افسوس یہ تو خودکشی ہے

مجھے آواز دے میں جی اٹھوں گا

تری آواز اداسی توڑتی ہے

تری تصویر کو دیکھوں تو مجھ کو

ابھی تک پیار سے ہی دیکھتی ہے

اگر تو خوش نہیں ہے تو چلی جا

مجھے تو خیر بس اپنی پڑی ہے

مرا کیا ہے مرا افسوس بھی کیا

ترے آگے تو پوری زندگی ہے

مزید غزلیں از گورو تریویدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں