پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گوہر عزیز کی غزلیں — Gauhar Aziz Ghazals

گوہر عزیز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شامل مرے وجود میں ہے بود و باش میں (غزل)

شامل مرے وجود میں ہے بود و باش میں

میں دور تک نہ جاؤں گا اس کی تلاش میں

مغرور کوئی ہوگا صنم حسن پر مگر

خوبی تو ہے نگاہ میں کچھ بت تراش میں

کاٹا تو اپنے دانت سے اک آدمی نے تھا

سانپوں کا زہر کیسے ملا میری لاش میں

حسن و شباب شان خدا داد بانکپن

اک ایک کر کے لٹ گئے فکر معاش میں

تاریخ میں ابھی بھی تمہی جاں نثار ہو

تبدیل کیسے ہو گئے تم زندہ لاش میں

فطرت میں ہو فریب تو چہرے سے ہر کوئی

بہروپیا سا لگتا ہے اپنے قماش میں

وہ چال کیا چلے گا نئی جانتے ہیں سب

باون ہی پتے آج بھی ہوتے ہیں تاش میں

گوہرؔ تمھارے لفظ اٹکنے لگے ہیں کیوں

کچھ بات ہے ضرور گلے کی خراش میں

میں آنسوؤں کو عشق میں کب تک لہو کروں (غزل)

میں آنسوؤں کو عشق میں کب تک لہو کروں

موقع ملے تو دامن دل کو رفو کروں

کیا بات ہے کہ آئیں تعلق میں تلخیاں

میں سوچتا ہوں تم سے کبھی گفتگو کروں

جب ہو گئی ہے خدمت شاخ و شجر نصیب

پیدا چمن میں کچھ تو نئی رنگ و بو کروں

سچ اور جھوٹ دونوں تو اک ہی طرح کے ہیں

میں کیوں نہ ایک روز انہیں رو برو کروں

مہماں تو ہو وہ ماہ جبیں میرا کوئی شام

میں اہتمام بادہ و جام و سبو کروں

تہذیب سے ہماری جو باقی رہے سدا

گنگا میں تم نہاؤ تو میں بھی وضو کروں

پروردگار یہ بھی دعا کر مری قبول

پوری نہ ہو جو ایسی کوئی آرزو کروں

گوہرؔ ملے ذرا بھی اگر بارشوں کا ساتھ

پیدا مزاج خاک میں ذوق نمو کروں

مزید غزلیں از گوہر عزیز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں