گوہر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ کوئی فکر رکھتا ہے نہ احساسات رکھتا ہے (غزل)
نہ کوئی فکر رکھتا ہے نہ احساسات رکھتا ہے
ہمیشہ تلخ لہجہ میں وہ اپنی بات رکھتا ہے
انا جھکنے نہیں دیتی کسی کے سامنے لیکن
سر اس کے سامنے خم ہے جو سر پر ہاتھ رکھتا ہے
کسی کے ہاتھ میں چھالے کسی کے دل میں غم کی لو
ہر اک مزدور اپنے پاس یہ سوغات رکھتا ہے
تم اس سے چھپ نہ پاؤ گے چھپا کر اپنا چہرہ بھی
وہ دل کا حال پڑھ لینے کی تعلیمات رکھتا ہے
عطا کی ہے اسی نے عزت و شہرت مجھے گوہرؔ
کرم اس کا ہے جو بے عیب اپنی ذات رکھتا ہے
سفر میں جب اکیلی کوئی لڑکی بیٹھ جاتی ہے (غزل)
سفر میں جب اکیلی کوئی لڑکی بیٹھ جاتی ہے
تو اس کے ساتھ فکروں کی سہیلی بیٹھ جاتی ہے
خدا نے لاج رکھ لی ہے کسی کی دست کاری کی
وہ گل نقلی ہے لیکن اس پہ تتلی بیٹھ جاتی ہے
میں اس کے واسطے اک طبی نسخہ بن کے آیا ہوں
وہ میرا نام لیتا ہے تو ہچکی بیٹھ جاتی ہے
نظر میں آپ کی ہجرت کا منظر گھوم جاتا ہے
دہان غار پر جب ایک مکڑی بیٹھ جاتی ہے
خدا ایمان والوں کو بچا لیتا ہے طوفاں سے
تبھی تو نوح کی کشتی میں بستی بیٹھ جاتی ہے
ہمارا تجربہ گوہرؔ یہی اعلان کرتا ہے
اگر بنیاد کچی ہو حویلی بیٹھ جاتی ہے