پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گنیش گائیکوارڈ آغاز کی غزلیں — Ganesh Gaikwad Aaghaz Ghazals

گنیش گائیکوارڈ آغاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اگر وہ جھوٹ بھی بولے تو ہم سچ مان لیتے ہیں (غزل)

اگر وہ جھوٹ بھی بولے تو ہم سچ مان لیتے ہیں

نقابوں میں چھپے چہروں کو ہم پہچان لیتے ہیں

ضرورت تیر یا تلوار کی ان کو نہیں ہوتی

نظر کی مار سے وہ عاشقوں کی جان لیتے ہیں

وہاں تو جس کو بھی جانا ہے خالی ہاتھ جانا ہے

نہ جانے لوگ پھر کیوں اس قدر سامان لیتے ہیں

عنایت کی کرم کی اک نظر کرتے ہیں بدلے میں

کبھی وہ جان لیتے ہیں کبھی ایمان لیتے ہیں

ارادے پر اٹل رہتے ہیں اے آغازؔ ہم اپنے

وہی سب کر گزرتے ہیں جو من میں ٹھان لیتے ہیں

ٹوٹے ہوئے پروں سے پرواز کر رہے ہیں (غزل)

ٹوٹے ہوئے پروں سے پرواز کر رہے ہیں

ہم پھر نئے صفر کا آغاز کر رہے ہیں

سچ بولنے لگے ہیں جب سے زباں ملی ہے

ہر شخص کا یہاں ہم اعزاز کر رہے ہیں

آئینہ پڑھ لیا ہے اس بار ہم سبھی نے

خاموش تھے جو کل تک آواز کر رہے ہیں

بیزار ہو رہا ہے جس درد سے زمانہ

اس درد کو ہم اپنا دم ساز کر رہے ہیں

مسکان کے لئے بھی مجبور ہو گئے ہم

کس بات پر نہ جانے پھر ناز کر رہے ہیں

بدنام کر دیا ہے کچھ دوستوں نے جب سے

ہم دشمنوں کو اپنا ہم راز کر رہے ہیں