گنیش بہاری طرز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ماحول سازگار کرو میں نشے میں ہوں (غزل)
ماحول سازگار کرو میں نشے میں ہوں
ذکر نگاہ یار کرو میں نشے میں ہوں
اے گردشو تمہیں ذرا تاخیر ہو گئی
اب میرا انتظار کرو میں نشے میں ہوں
میں تم کو چاہتا ہوں تمہیں پر نگاہ ہے
ایسے میں اعتبار کرو میں نشے میں ہوں
ایسا نہ ہو کہ سخت کا ہو سخت تر جواب
یارو سنبھل کے وار کرو میں نشے میں ہوں
اب میں حدود ہوش و خرد سے گزر گیا
ٹھکراؤ چاہے پیار کرو میں نشے میں ہوں
خود طرزؔ جو حجاب میں ہو اس سے کیا حجاب
مجھ سے نگاہیں چار کرو میں نشے میں ہوں
دوستی اپنی جگہ اور دشمنی اپنی جگہ (غزل)
دوستی اپنی جگہ اور دشمنی اپنی جگہ
فرض کے انجام دینے کی خوشی اپنی جگہ
ہم تو سرگرم سفر ہیں اور رہیں گے عمر بھر
منزلیں اپنی جگہ آوارگی اپنی جگہ
پتھروں کے دیس میں شیشے کا ہے اپنا وقار
دیوتا اپنی جگہ اور آدمی اپنی جگہ
گیان مانا ہے بڑا بھکتی بھی لیکن کم نہیں
آگہی اپنی جگہ دیوانگی اپنی جگہ
صبح ہیں سجدے میں ہم تو شام ساقی کے حضور
بندگی اپنی جگہ اور میکشی اپنی جگہ
سارا عالم ہے ترنم خیز اے شاعر نواز
شعر کی اپنی جگہ اور طرزؔ کی اپنی جگہ