پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جی آر وشیشٹھ کی غزلیں — G R Vashishth Ghazals

جی آر وشیشٹھ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو چاہیے تھا وہ نہ ملا آسمان سے (غزل)

جو چاہیے تھا وہ نہ ملا آسمان سے

ٹھکرا کے لوٹ آئے ستاروں کو شان سے

یہ سوچ کر کے چھاؤں میں بیٹھا نہ میں کبھی

ٹوٹے نہ حوصلہ ترا میری تھکان سے

تلووں کو چاٹنے سے ہر اک کام بن پڑا

محنت نہ دے سکی وہ جو پایا زبان سے

لیکن وہ زخم بھر گیا دہشت نہیں گئی

سب یاد آنے لگتا ہیں اس کے نشان سے

ہم سے ذرا سا آگے اگر ہو بھی تم تو کیا

ہم اپنے آپ سے بنے تم خاندان سے

لوٹا جو خالی ہاتھ تو میں مسکرا دیا

امید بھی نہیں تھی تیرے آستان سے

اے دل تو راہ عشق کی ٹھوکر سے لے سبق

جو ہو گیا سو ہو گیا آئندہ دھیان سے

سر سے بھٹک رہا ہے تمہارا ہر ایک لفظ

دل کیا سنے گا جو نہ سنا جائے کان سے

دوست بن کر آئے کوئی اور گلے ہنس کر لگے (غزل)

دوست بن کر آئے کوئی اور گلے ہنس کر لگے

ایک عرصہ ہو گیا ہے پیٹھ میں خنجر لگے

کس قدر بے چین رہتا ہوں کہ مجھ بیمار کو

دور سے آتا ہوا ہر شخص چارہ گر لگے

ایک مدت کا میں جاگا اس بھرم میں سو گیا

کیا پتہ مجھ کو یہ دنیا خواب میں بہتر لگے

قبل تو میرا یہ رونا تھا کوئی نزدیک ہو

اب یہ عالم ہے کہ مجھ کو محفلوں سے ڈر لگے

اتنے چہرے آنکھ سے گزرے ہیں اس کی کھوج میں

عین ممکن ہے مرا ہو جائے تو دیگر لگے

اب تو مجھ کو رنگ ہی بھاتے نہیں تب تو تیری

زلف کے سائے دھنک کے رنگوں سے بڑھ کر لگے

مزید غزلیں از جی آر وشیشٹھ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں