پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جی آر کنول کی غزلیں — G R Kanwal 1 Ghazals

جی آر کنول کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نئے انداز سے دیدار کر لوں پھر چلے جانا (غزل)

نئے انداز سے دیدار کر لوں پھر چلے جانا

میں اپنی روح کو بیدار کر لوں پھر چلے جانا

ہزاروں خواب دیکھے تھے مری معصوم آنکھوں نے

میں ان کا سرسری اظہار کر لوں پھر چلے جانا

ہوس نے آج تک جو عیش کے پیکر بنائے ہیں

انہیں پوری طرح مسمار کر لوں پھر چلے جانا

تمہاری دید کے جو منتظر تھے ایک مدت سے

مزین وہ در و دیوار کر لوں پھر چلے جانا

وہ جن کو تھام کر تم نے مجھے جنبش عطا کی تھی

میں ان ہاتھوں سے تم کو پیار کر لوں پھر چلے جانا

وہ جس پر ٹھوکریں کھا کر کنولؔ سے ملنے آئے ہو

وہ رستہ شوق کا ہموار کر لوں پھر چلے جانا

تجھ سے بچھڑے بھی تو حالات نے رونے نہ دیا (غزل)

تجھ سے بچھڑے بھی تو حالات نے رونے نہ دیا

دل شکن وقت کے لمحات نے رونے نہ دیا

دن کو فرصت نہ ملی اشک بہانے کی کبھی

رات آئی تو مجھے رات نے رونے نہ دیا

اس کی آنکھیں بھی رہیں خشک ہمیشہ کی طرح

مجھ کو بھی آج کسی بات نے رونے نہ دیا

اشک مایوس سوالی کی طرح لوٹ گئے

وہ ملا بھی تو ملاقات نے رونے نہ دیا

ان کے حصے کا کنولؔ شہر میں تم ہی رو لو

جن کو مجبورئ حالات نے رونے نہ دیا

مزید غزلیں از جی آر کنول ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں