غازی معین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کا لہجہ ایسا جیسے ماچس کی اک تیلی سی (غزل)
اس کا لہجہ ایسا جیسے ماچس کی اک تیلی سی
دل پہ سیدھے لگ جاتی ہے اس کی بات نکیلی سی
سوکھے سوکھے لب ہیں اس کے اس کی پلکیں گیلی سی
جانے کیسا درد ملا ہے آنکھیں ہیں پتھریلی سی
عریانی کا رقص ہے جاری بس ایک بٹن دباتے ہی
نسل نو دیکھے جاتی ہے فلمیں نیلی نیلی سی
اس رستے پہ چلنا بے حد مشکل بے حد مشکل ہے
سچائی کی راہ ہے یارو راہ بھی وہ پتھریلی سی
سستی ہے بے حد یہ جاں بچ کے رہنا جان جاں
جانے کیسی ہوا چلی ہے سانسیں ہیں زہریلی سی
وہ ایسے پیش آیا مجھ سے جیسے جانتا نہیں (غزل)
وہ ایسے پیش آیا مجھ سے جیسے جانتا نہیں
اگرچہ نام اس کا میں کبھی بھی بھولتا نہیں
یہ دل بھی ہے کے اس کی بے وفائی مانتا نہیں
مگر سوائے اس کے اب کسی سے رابطہ نہیں
وہ جادوگر ہے لفظوں کا تو اس سے دور رہنا سیکھ
اس آدمی کے بارے میں ابھی تو جانتا نہیں
مقدر اپنا گر بچھڑنا ہی ہوا تو ٹھیک ہے
مری نظر میں اب بچھڑنا کوئی حادثہ نہیں
یہاں تو غم کی بولیاں لگائی جاتی ہیں میاں
تمہارے درد سے یہاں کوئی بھی آشنا نہیں
کہ میرا خواب بھی ہے وہ مرا خیال بھی ہے وہ
یہ سچ ہے غازیؔ بھول کر بھی اس کو بھولتا نہیں