فراق جلال پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بڑا غرور ہے پل بھر کی نیک نامی کا (غزل)
بڑا غرور ہے پل بھر کی نیک نامی کا
رواج عام ہے اس دور میں غلامی کا
امیر شہر نے دستار چھین لی اس کی
صلہ عجیب دیا روز کی سلامی کا
لب فرات رہے پیاسے وارث زمزم
شکار اکیلا نہیں میں ہی تشنہ کامی کا
بصارت ایسی بصیرت نواز دے اللہ
ہمیں سجھائی دے نکتہ ہماری خامی کا
کبھی تو آئنہ چہرے کے روبرو آئے
کبھی تو لمحہ میسر ہو خود کلامی کا
فراقؔ ہو گئے پتھر ہمارے دونوں پاؤں
بڑا تھا ناز ہمیں اپنی تیز گامی کا
ابھی نکلو نہ گھر سے تنگ آ کے (غزل)
ابھی نکلو نہ گھر سے تنگ آ کے
ابھی اچھے نہیں تیور ہوا کے
فلک سے میں چلا شبنم کی صورت
زمیں نے رکھ دیا پتھر بنا کے
مرے زخمی لبوں پر کچھ نہیں ہے
سوائے ایک لفظ بے نوا کے
ہماری خامشی نے لاج رکھ لی
نہیں تو ہاتھ کٹ جائے صدا کے
بدن خوشبو کا لرزاں خوف سے ہے
ہوا کو راز دل اپنا سنا کے
سروں کے دیپ ہیں نیزوں پہ روشن
میں کیسے دیکھوں منظر کربلا کے
تمہارے قتل کی خبریں چھپی ہیں
فراقؔ اخبار تو دیکھو اٹھا کے
طاق پہ جلتا پیارا دیپک (نظم)
طاق پہ جلتا پیارا دیپک
کرتا ہے اجیارا دیپک
راہ میں چھوٹا ہو کہ بڑا
سب کا یار ہمارا دیپک
لڑتا ہے ہمت کے ساتھ
آندھی سے کب ہارا دیپک
دکھ کے ہے آگے سکھ کی چھاؤں
کرتا ہے یہ اشارا دیپک
روشنیوں کا سندر نام
جگنو چندا تارا دیپک
جہاں پہ سورج پہنچ نہ جائے
وہاں کرے اجیارا دیپک
جو بخشے آنکھوں کو نور
سدا جلے وہ پیارا دیپک