پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فردوس گیاوی کی غزلیں — Firdaus Gayavi Ghazals

فردوس گیاوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دوستوں کی عطا ہے خاموشی (غزل)

دوستوں کی عطا ہے خاموشی

اب مرا مدعا ہے خاموشی

علم کی ابتدا ہے ہنگامہ

علم کی انتہا ہے خاموشی

درد کے شہر میں ہے گھر میرا

میرے گھر کا پتا ہے خاموشی

اس طرف میں ہوں اس طرف وہ ہیں

بیچ کا فاصلہ ہے خاموشی

بھیگتی رات کی ہتھیلی پر

مثل رنگ حنا ہے خاموشی

دوستو خود تلک پہنچنے کا

مختصر راستہ ہے خاموشی

کاش سمجھیں زبان والے بھی

بے زباں کی دعا ہے خاموشی

مرنے والے نے یہ کہا فردوسؔ

زندگی کا صلہ ہے خاموشی

ظالم ہے وہ ایسا کہ جفا بھی نہیں کرتا (غزل)

ظالم ہے وہ ایسا کہ جفا بھی نہیں کرتا

رستے سے بچھڑنے کا گلا بھی نہیں کرتا

ہر جرم و خطا سے مرے واقف ہے وہ پھر بھی

تجویز مرے نام سزا بھی نہیں کرتا

انسان ہے وہ کوئی فرشتہ تو نہیں ہے

حیرت ہے مگر کوئی خطا بھی نہیں کرتا

ہر شخص سے وہ ہاتھ ملا لیتا ہے رسماً

لیکن وہ کبھی دل سے ملا بھی نہیں کرتا

ویسے تو بنا رہتا ہے وہ پتلا وفا کا

کیا حال ہے میرا وہ پتا بھی نہیں کرتا

اس طور سے اس نے مجھے برباد کیا ہے

ایسے تو زمانے میں خدا بھی نہیں کرتا

فردوسؔ سے ملنا ہو تو میخانے میں ڈھونڈو

وہ شخص تو اب گھر میں رہا بھی نہیں کرتا

وہ ہر روز (نظم)

وہ ہر روز

کیوں مجھ سے یہ پوچھتا ہے

کہ تم کون ہو

کیا اسے یہ خبر ہی نہیں ہے

کہ مجھ کو تو خود

اپنی پہچان کی ہے تلاش

اسی واسطے میرا شک

اب یقین کی حدیں چھو رہا ہے

کہ خود اس کی پہچان بھی

ٹھیک میری طرح

کھو گئی ہے کہیں

مزید غزلیں از فردوس گیاوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں