پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فگار اناوی کی غزلیں — Figar Unnavi Ghazals

فگار اناوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جفائے یار کو ہم لطف یار کہتے ہیں (غزل)

جفائے یار کو ہم لطف یار کہتے ہیں

خزاں کو اپنی زباں میں بہار کہتے ہیں

وہ ایک سنتے نہیں ہم ہزار کہتے ہیں

مگر فسانہ بہر اعتبار کہتے ہیں

زمانہ قید کو سمجھے ہوئے ہے آزادی

کسی کے جبر کو ہم اختیار کہتے ہیں

قفس میں رہ کے مجھے یہ بھی امتیاز نہیں

کسے خزاں کسے فصل بہار کہتے ہیں

نفس نفس جو پیام حیات دیتی ہے

اسی نظر کو تغافل شعار کہتے ہیں

تمہارے حسن کی جس دل کو روشنی نہ ملے

ہم ایسے دل کو چراغ مزار کہتے ہیں

تری نگاہ تغافل سے دل نے پایا ہے

وہ ایک کیف جسے انتظار کہتے ہیں

محبت اور محبت میں آرزوئے وصال

ہم اس بہار کو ننگ بہار کہتے ہیں

خدنگ ناز ابھی ہے تمہاری چٹکی میں

نہ جانے لوگ مجھے کیوں فگارؔ کہتے ہیں

کسی اپنے سے ہوتی ہے نہ بیگانے سے ہوتی ہے (غزل)

کسی اپنے سے ہوتی ہے نہ بیگانے سے ہوتی ہے

جو الفت ایک دیوانے کو دیوانے سے ہوتی ہے

سبو سے جام سے مینا سے پیمانے سے ہوتی ہے

محبت مے سے ہو کر سارے مے خانے سے ہوتی ہے

کوئی قصہ ہو کوئی واقعہ کوئی حکایت ہو

تسلی دل کو درد دل کے افسانے سے ہوتی ہے

مری توبہ سے کہہ دو وہ بھی آ کر شوق سے سن لے

عجب آواز پیدا دل کے پیمانے سے ہوتی ہے

نظر سے چھپنے والے دل سے آخر کیوں نہیں چھپتے

یہ کیسی بے حجابی آئنہ خانے سے ہوتی ہے

بہار چند روزہ سے کوئی مانگے تو کیا مانگے

خزاں کو بھی ندامت ہاتھ پھیلانے سے ہوتی ہے

گھٹائیں غم کی چھٹ جاتی ہیں ان کے مسکرانے سے

کہ جیسے صبح پیدا رات ڈھل جانے سے ہوتی ہے

فگارؔ احساس دل میں ہر طرف کانٹے ہی کانٹے ہیں

یہی تسکین گلشن میں بہار آنے سے ہوتی ہے

مزید غزلیں از فگار اناوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں