پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فضل الرحمٰن کی غزلیں — Fazlurrahman Ghazals

فضل الرحمٰن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خراب حال ہوں ہر حال میں خراب رہا (غزل)

خراب حال ہوں ہر حال میں خراب رہا

خوشی میں بھی غم دل کا سا اضطراب رہا

نظارۂ رخ زیبا کی یاں کسے فرصت

نقاب رخ پہ رہی یا وہ بے نقاب رہا

طرب کی بزم میں جا کر کرے گا کیا کوئی

نہ وہ پیالہ نہ وہ مے نہ وہ شباب رہا

نوائے شوق نکلتی ہے اب بھی دل سے مگر

نہ وہ اپج نہ وہ محفل نہ وہ رباب رہا

ہر ایک چیز کی دنیا میں حد مقرر ہے

مگر یہ رنج زمانہ کا بے حساب رہا

خیال و خواب مسرت کی اک توقع پر

تمام عمر مجھے انتظار خواب رہا

موت اک خواب ہے اجزائے بدن کا ہمدم (نظم)

موت اک خواب ہے اجزائے بدن کا ہمدم

زندگی نام ہے احساس کی بیداری کا

موت جس رہ گزر‌ شوق میں رہزن کی نقاب

زندگی رخت اسی راہ طلب گاری کا

زندگی جسم و دل و جاں کی منظم قوت

موت اظہار پریشانی‌ و لاچاری کا

موت صحراؤں میں بکھرے ہوئے ذروں کا غبار

زندگی نقش انہی ذروں کی چمن کاری کا

موت بے مائیگی دامان زمیں کی گویا

زندگی سلسلہ بادل کی گہر باری کا

زندگی قافلۂ سعی کی پیہم تگ و دو

موت دم بھر کے لئے وقفہ ہے بیکاری کا

زندگی کا جسے معلوم ہو مطلب اس کو

موت کا خوف نہ گردوں کی تبہ کاری کا

مزید غزلیں از فضل الرحمٰن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں