فیروز احمد فائز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جہاں اونچی عمارت ہے وہیں مٹی کا بھی گھر ہے (غزل)
جہاں اونچی عمارت ہے وہیں مٹی کا بھی گھر ہے
یہ قبرستان کو دیکھو ذرا کتنا برابر ہے
سمندر کی خموشی بھی تو اک دن ٹوٹ جاتی ہے
مگر کیسے بھلا ٹوٹے جو تیرے ان لبوں پر ہے
بہت تڑپا رہے ہو باپ کو رستے میں تم لیکن
اسی رستے میں ہے بیٹا عجب کیسا یہ چکر ہے
حقیقت زندگی کی کھل گئی مجھ پر کہ دنیا میں
زمیں پر سنگ ہے ہیرا مگر مٹی کے اندر ہے
یہ کیسا زخم ہے اب تک ہرا ہے کیوں نہیں بھرتا
یہاں مرہم نہیں ہے وقت کے ہاتھوں میں خنجر ہے
بہت پردے ہیں اس کمبخت کے کردار پر فائزؔ
کہ چاندی کی کوئی پنی کسی پتھر کے اوپر ہے
کوئی آنسو بہاتا ہے کوئی فریاد کرتا ہے (غزل)
کوئی آنسو بہاتا ہے کوئی فریاد کرتا ہے
یہ دل تجھ کو بھلا کر کیوں تجھے ہی یاد کرتا ہے
تباہی کے بہت سارے وسیلے ہیں مگر اک تو
محبت ہی میں اپنے آپ کو برباد کرتا ہے
ترے دل میں محبت کو جگانے کے لیے اب تو
وہ پاگل روز ہی کچھ کچھ نئی ایجاد کرتا ہے
درختوں کو جڑوں سے کاٹ کر بنتے ہیں فرنیچر
تو اپنا گھر سجاتا ہے وہ گھر کو یاد کرتا ہے
جلا کر بستیوں کو بولتے پھرتے ہیں یہ ظالم
کوئی برباد کرتا ہے کوئی آباد کرتا ہے
عجب عادت سی اس کو ہو گئی ہے وہ کبوتر کو
پکڑتا ہے پکڑ کر خود ہی پھر آزاد کرتا ہے
کہاں جائے گا خوشیوں کا ٹھکانا ڈھونڈنے فائزؔ
غموں سے اپنے دل کو آج تک وہ شاد کرتا ہے