پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فضل احمد کریم فضلی کی غزلیں — Fazl Ahmad Kariim Fazli Ghazals

فضل احمد کریم فضلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ تو مجھے محبوب ترا غم بھی بہت ہے (غزل)

کچھ تو مجھے محبوب ترا غم بھی بہت ہے

کچھ تیری توجہ کی نظر کم بھی بہت ہے

اشکوں سے بھی کھلتا ہے وہ دل جو ہے گرفتہ

کلیوں کے لیے قطرۂ شبنم بھی بہت ہے

ہم خود ہی نہیں چاہتے صیاد سے بچنا

سازش نگہ‌ و دل کی منظم بھی بہت ہے

ہے رشتۂ دزدیدہ نگاہی بھی عجب شے

قائم یہ ہوا پر بھی ہے محکم بھی بہت ہے

ڈھائے دل نازک پہ بہت اس نے ستم بھی

پھر لطف یہ ہے مجھ پہ وہ برہم بھی بہت ہے

یہ طرفہ تماشہ ہے کیا قتل بھی مجھ کو

اور پھر مرے مرنے کا انہیں غم بھی بہت ہے

پڑتے ہیں ستم گر کے ذرا وار بھی اوچھے

اور فضلیؔٔ بسمل میں ذرا دم بھی بہت ہے

اب وہ مہکی ہوئی سی رات نہیں (غزل)

اب وہ مہکی ہوئی سی رات نہیں

بات کیا ہے کہ اب وہ بات نہیں

پھر وہی جاگنا ہے دن کی طرح

رات ہے اور جیسے رات نہیں

بات اپنی تمہیں نہ یاد رہی

خیر جانے دو کوئی بات نہیں

کچھ نہیں ہے تو یاد ہے ان کی

ان سے ترک تعلقات نہیں

پھر بھی دل کو بڑی امیدیں ہیں

گو بہ ظاہر توقعات نہیں

عشق ہوتا ہے خود بہ خود پیدا

عشق کے کچھ لوازمات نہیں

ایسے فضلیؔ کے شعر کم ہوں گے

جن میں کچھ دل کی واردات نہیں