پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فضل گیلانی کی غزلیں — Fazl Geelani Ghazals

فضل گیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بدن کا رمز سمجھ روح کا اشارہ سمجھ (غزل)

بدن کا رمز سمجھ روح کا اشارہ سمجھ

مجھے سمجھ نہ سمجھ دکھ مرا خدارا سمجھ

تجھے ہم اور کسی کا نہ ہونے دیں گے کبھی

تو بھا گیا ہے ہمیں خود کو اب ہمارا سمجھ

جو تیرگی میں تجھے کچھ دکھائی دیتا نہیں

سمجھ میں آئے تو اس کو بھی اک نظارہ سمجھ

نہیں تو وقت ہی سمجھائے گا تجھے اک دن

میں چاہتا ہوں مری بات کو دوبارہ سمجھ

کہ میں تو اپنے بھی کچھ کام آ نہیں پایا

تجھے یہ کس نے کہا تھا مجھے سہارا سمجھ

یہ کار گاہ طلسمات ہے یہاں سیدؔ

خسارہ نفع سمجھ نفع کو خسارہ سمجھ

عجب ٹھہراؤ تھا جس میں مسافت ہو رہی تھی (غزل)

عجب ٹھہراؤ تھا جس میں مسافت ہو رہی تھی

روانہ بھی نہیں تھا اور ہجرت ہو رہی تھی

بنایا جا رہا تھا کینوس پر زرد سورج

ابھارا جا رہا تھا نقش حیرت ہو رہی تھی

کہیں جاتا نہیں تھا میں کہیں آتا نہیں تھا

یقیں آتا نہیں تھا ایسی حالت ہو رہی تھی

مرا اس کے بنا تو جی ذرا لگتا نہیں تھا

اداسی لوٹ آئی تھی مسرت ہو رہی تھی

چراغ ایک ایک کر کے روشنی کرنے لگے تھے

مجھے ان سب چراغوں سے محبت ہو رہی تھی

نیا اک باغ تھا اور اس کو کاٹا جا رہا تھا

پرندوں کو ابھی پیڑوں کی عادت ہو رہی تھی

بچھڑ جانے کا کچھ کچھ خوف بھی ہونے لگا تھا

مجھے اس کے رویے پر بھی حیرت ہو رہی تھی

نہیں تھی زندگانی بھی وہاں حسب تمنا

محبت بھی وہاں حسب ضرورت ہو رہی تھی

یہ آنسو تو نہ تھے جو بہہ رہے تھے ہجر گل میں

یہ خوشبو تھی جو آنکھوں سے روایت ہو رہی تھی

مجھے خود میں کوئی صحرا میسر آ گیا تھا

اڑائی جا رہی تھی خاک وحشت ہو رہی تھی

مکمل بد گمانی ہو گئی تھی اس کو سیدؔ

پلٹنے میں مجھے بھی اب سہولت ہو رہی تھی

مزید غزلیں از فضل گیلانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں