فیاض ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہمیں کوئی غم نہیں تھا غم عاشقی سے پہلے (غزل)
ہمیں کوئی غم نہیں تھا غم عاشقی سے پہلے
نہ تھی دشمنی کسی سے تری دوستی سے پہلے
ہے یہ میری بد نصیبی ترا کیا قصور اس میں
ترے غم نے مار ڈالا مجھے زندگی سے پہلے
مرا پیار جل رہا ہے ارے چاند آج چھپ جا
کبھی پیار تھا ہمیں بھی تری چاندنی سے پہلے
میں کبھی نہ مسکراتا جو مجھے یہ علم ہوتا
کہ ہزار غم ملیں گے مجھے اک خوشی سے پہلے
یہ عجیب امتحاں ہے کہ تمہیں کو بھولنا ہے
ملے کب تھے اس طرح ہم تمہیں بے دلی سے پہلے
نہ تم میرے نہ دل میرا نہ جان ناتواں میری (غزل)
نہ تم میرے نہ دل میرا نہ جان ناتواں میری
تصور میں بھی آ سکتیں نہیں مجبوریاں میری
نہ تم آئے نہ چین آیا نہ موت آئی شب وعدہ
دل مضطر تھا میں تھا اور تھیں بے تابیاں میری
عبث نادانیوں پر آپ اپنی ناز کرتے ہیں
ابھی دیکھی کہاں ہیں آپ نے نادانیاں میری
یہ منزل یہ حسیں منزل جوانی نام ہے جس کا
یہاں سے اور آگے بڑھنا اے عمر رواں میری