پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فیاض جے پوری کی غزلیں — Fayyaz Jaipuri Ghazals

فیاض جے پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیری فرقت میں مجھے نیند کہاں آتی ہے (غزل)

تیری فرقت میں مجھے نیند کہاں آتی ہے

آنکھوں آنکھوں میں ہر اک رات گزر جاتی ہے

اب تو اس طور سے ظالم تری یاد آتی ہے

کہ مجھے ہوش سے بیگانہ بنا جاتی ہے

میں تو ہر وقت تجھے یاد کیا کرتا ہوں

تجھ کو بھولے سے کبھی یاد مری آتی ہے

تیرا ہر ظلم و ستم مجھ کو گوارا ہے مگر

تیری غفلت سے مری جاں پہ بن آتی ہے

اب یہ عالم ہے کہ بے درد زمانے کے ساتھ

اپنی حالت پہ مجھے خود بھی ہنسی آتی ہے

ختم ہوتی ہے شب غم کی کہانی فیاضؔ

شمع بجھتی ہے بس اب صبح ہوئی جاتی ہے

جب وفا ہی نہیں زمانے میں (غزل)

جب وفا ہی نہیں زمانے میں

پھر مزا کیا ہے دل لگانے میں

آتش غم نے دل جلا ڈالا

لگ گئی آگ آشیانے میں

جانے کیوں دل دھڑکنے لگتا ہے

اب کسی سے نظر ملانے میں

تیری صورت کا واہ کیا کہنا

کوئی ثانی نہیں زمانے میں

عشق کا راز ہائے مت پوچھو

اور کھلتا گیا چھپانے میں

کس کو فیاضؔ ہم کہیں اپنا

کوئی اپنا نہیں زمانے میں

مزید غزلیں از فیاض جے پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں