پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فیاض فاروقی کی غزلیں — Fayyaz Farooqi Ghazals

فیاض فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جگنو ہوا میں لے کے اجالے نکل پڑے (غزل)

جگنو ہوا میں لے کے اجالے نکل پڑے

یوں تیرگی سے لڑنے جیالے نکل پڑے

سچ بولنا محال تھا اتنا کہ ایک دن

سورج کی بھی زبان پہ چھالے نکل پڑے

اتنا نہ سوچ مجھ کو ذرا دیکھ آئینہ

آنکھوں کے گرد حلقے بھی کالے نکل پڑے

محفل میں سب کے بیچ تھا ذکر بہار کل

پھر جانے کیسے تیرے حوالے نکل پڑے

راہ میں اس کی چلیں اور امتحاں کوئی نہ ہو (غزل)

راہ میں اس کی چلیں اور امتحاں کوئی نہ ہو

کیسے ممکن ہے کہ آتش ہو دھواں کوئی نہ ہو

اس کی مرضی ہے وہ مل جائے کسی کو بھیڑ میں

اور کبھی ایسے ملے کہ درمیاں کوئی نہ ہو

جگمگاتا ہے ستارہ بن کے تب امید کا

بجھ گئے ہوں سب دیے اور کہکشاں کوئی نہ ہو

خانۂ دل میں وہ رہتا کب کسی کے ساتھ ہے

جلوہ گر ہوتا ہے وہ جب میہماں کوئی نہ ہو

کیسے ممکن ہے کہ قصے جس سے سب وابستہ ہوں

وہ چلے اور ساتھ اس کے داستاں کوئی نہ ہو

سارے عالم پر وہ لکھ دیتا ہے اس کا نام جب

کوئی خود کو یوں مٹا لے کہ نشاں کوئی نہ ہو

بن کے لشکر ساتھ ہو جاتا ہے وہ فیاضؔ جب

ہم سفر کوئی نہ ہو اور کارواں کوئی نہ ہو

مزید غزلیں از فیاض فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں