فریاد آزر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ادا ہوا نہ قرض اور وجود ختم ہو گیا (غزل)
ادا ہوا نہ قرض اور وجود ختم ہو گیا
میں زندگی کا دیتے دیتے سود ختم ہو گیا
نہ جانے کون سی ادا بری لگی تھی روح کو
بدن کا پھر تمام کھیل کود ختم ہو گیا
معاہدے ضمیر سے تو کر لیے گئے مگر
مسرتوں کا دورۂ وفود ختم ہو گیا
بدن کی آستین میں یہ روح سانپ بن گئی
وجود کا یقیں ہوا وجود ختم ہو گیا
بس اک نگاہ ڈال کر میں چھپ گیا خلاؤں میں
پھر اس کے بعد برف کا جمود ختم ہو گیا
مجاز کا سنہرا حسن چھا گیا نگاہ پر
کھلی جو آنکھ جلوۂ شہود ختم ہو گیا
سراغ بھی نہ ملے اجنبی صدا کے مجھے (غزل)
سراغ بھی نہ ملے اجنبی صدا کے مجھے
یہ کون چھپ گیا صحراؤں میں بلا کے مجھے
میں اس کی باتوں میں غم اپنا بھول جاتا مگر
وہ شخص رونے لگا خود ہنسا ہنسا کے مجھے
اسے یقین کہ میں جان دے نہ پاؤں گا
مجھے یہ خوف کہ روئے گا آزما کے مجھے
جو دور رہ کے اڑاتا رہا مذاق مرا
قریب آیا تو رویا گلے لگا کے مجھے
میں اپنی قبر میں محو عذاب تھا لیکن
زمانہ خوش ہوا دیواروں پر سجا کے مجھے
یہاں کسی کو کوئی پوچھتا نہیں آزرؔ
کہاں پہ لائی ہے اندھی ہوا اڑا کے مجھے
بندر بولا ساتھی آؤ (نظم)
بندر بولا ساتھی آؤ
ہم سب مل کر کھیلیں کھو کھو
لیکن چوہیا کچھ نہ بولی
چپکے چپکے کھیلے گولی
بارہ سنگھے کا کہنا ہے
کرکٹ سب سے کھیل اچھا ہے
گیدڑ بھی ہو گیا نکھٹو
چھوڑ پڑھائی کھیلے لٹو
بھالو کی مضبوط ہے ہڈی
روز کھیلتا خوب کبڈی
ہاتھی اپنا نام ہے کرتا
ہے مسٹر خرگوش کا کہنا
دوڑ بھاگ کا کھیل ہے اچھا
بلی نے جب کھایا انڈا
وہ لے آئی گلی ڈنڈا
سارے مل کر کھیل رہے تھے
اتنے میں ان کے پیچھے سے
شیر جب آیا ان کے آگے
سب اپنی دم دبا کے بھاگے