فرتاش سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم وفادار ہیں اور اس سے زیادہ کیا ہوں (غزل)
ہم وفادار ہیں اور اس سے زیادہ کیا ہوں
بس ترے یار ہیں اور اس سے زیادہ کیا ہوں
ایک ہی سچ نے ہمیں ایسا کیا سرافراز
برسر دار ہیں اور اس سے زیادہ کیا ہوں
میں اکیلا ہوں مری جان کے دشمن افلاک
ایک دو چار ہیں اور اس سے زیادہ کیا ہوں
نام سنتے ہی مرا آگ بگولا ہو جائیں
مجھ سے بیزار ہیں اور اس سے زیادہ کیا ہوں
عمر بھر بات پہ قائم رہے فرتاشؔ کہ ہم
اہل کردار ہیں اور اس سے زیادہ کیا ہوں
گندھ کے مٹی جو کبھی چاک پہ آ جاتی ہے (غزل)
گندھ کے مٹی جو کبھی چاک پہ آ جاتی ہے
بات بے مہریٔ افلاک پہ آ جاتی ہے
آسمانوں پہ اڑو ذہن میں رکھو کہ جو چیز
خاک سے اٹھتی ہے وہ خاک پہ آ جاتی ہے
رنگ و خوشبو کا کہیں کوئی کرے ذکر تو بات
گھوم پھر کر تری پوشاک پہ آ جاتی ہے
بکھرا بکھرا سا ہے انداز تکلم ان کا
اور تہمت مرے ادراک پہ آ جاتی ہے
نخل محفوظ رہیں باد حوادث جو چلے
ایک آفت خس و خاشاک پہ آ جاتی ہے
چھوڑ جائے جو کوئی چاہنے والا فرتاشؔ
زندگانی رہ سفاک پہ آ جاتی ہے