فرخ زہرا گیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تنہا چھوڑ کے جانے والے اک دن پچھتاؤ گے (غزل)
تنہا چھوڑ کے جانے والے اک دن پچھتاؤ گے
آس کا سورج ڈوب رہا ہے لوٹ کے گھر کب آؤ گے
نفرت کو محصور کیا ہے الفت کی دیواروں میں
جن راہوں سے گزرو گے تم پیار کی خوش بو پاؤگے
دل کی ویراں نگری پہ اب غم کے بادل چھائے ہیں
دکھ کی کالی رات میں بولو کب تک ساتھ نبھاؤ گے
کوئل تو پتھر کے ڈر سے آخر کو اڑ جائے گی
بادل تو پاگل ہے اس کو کیسے تم سمجھاؤ گے
تم تو خود صحرا کی صورت بکھرے بکھرے لگتے ہو
فرخؔ سے فرخؔ کو سوچو کیسے تم ملواؤ گے
وہ مرد قلندر ہے نشاں اس کا خودی ہے (غزل)
وہ مرد قلندر ہے نشاں اس کا خودی ہے
خوددار ہے ایسا کہ گماں اس کا خودی ہے
اقبال کے شعروں میں یہ اعجاز سخن ہے
وہ عشق محمد میں چمکتا ہوا فن ہے
یوں فکر کے تیشے سے کیا ظلم کو شق ہے
ہر دور کی ظلمت میں وہ پھیلا ہوا حق ہے
اقبال بھی اقبال سے آگاہ نہیں تھا
اس ارض کا باسی تھا کہ افلاک نشیں تھا
یادوں کے حوالے سے وہ ہر دل کا مکیں ہے
فرخؔ وہ زمانے کے لئے ایک نگیں ہے
اک ستاروں سے بھری خواب سی مہکار سی رات (نظم)
اک ستاروں سے بھری خواب سی مہکار سی رات
لان میں بکھری ہوئی چاند کی بیکل کرنیں
وقت ساکن تھا یا لمحہ تھا کوئی ٹھہرا ہوا
ذہن میں سمٹی ہوئی سوچ ابھرنے سی لگی
آنکھ جھپکی تو میں کیا دیکھتی ہوں
وسعت شب پہ وہ چھایا ہوا تنہا تنہا
مجھ کو اپنا سا لگا
میری جانب کسی بڑھتے ہوئے اک سائے نے
مجھ کو چونکا سا دیا
میرے اور چاند کے مابین وہ حائل سا ہوا
پیار آنکھوں میں بہت خواب سجائے اس نے
اور کچھ یاد نہیں رسم محبت کی مجھے
پھر اسی لمحے مرے ذہن کے اک گوشے میں
ایک انجانے سے احساس نے انگڑائی لی
ملنے والے کے بچھڑنے کی گھڑی باقی ہے
ان رسومات کی اک اور کڑی باقی ہے
اور ایسا ہی ہوا
پھر وہی چاند وہی میں ہوں وہی درد کی رات