پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرخ جعفری کی غزلیں — Farrukh Jafari Ghazals

فرخ جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مسئلہ یہ ہے کہ اس کے دل میں گھر کیسے کریں (غزل)

مسئلہ یہ ہے کہ اس کے دل میں گھر کیسے کریں

درمیاں کے فاصلے کا طے سفر کیسے کریں

کوئی سنتا ہی نہیں عرض ہنر کیسے کریں

خود کو ہم اپنی نظر میں معتبر کیسے کریں

آخری پتھر سے بے سمت و نشاں جانا ہے اب

ہم کھلی آنکھوں سے یہ اندھا سفر کیسے کریں

جان کے جانے کا اندیشہ بہت ہے اب کی بار

معرکہ بھی آخری کرنا ہے سر کیسے کریں

کچھ دنوں کی بات ہو تو کاٹ دیں آنکھوں میں رات

نیند اگر آئے نہ فرخؔ عمر بھر کیسے کریں

گو اس سفر میں تھک کے بدن چور ہو گیا (غزل)

گو اس سفر میں تھک کے بدن چور ہو گیا

میں اس کی دسترس سے مگر دور ہو گیا

اب اس کا نام لے کے پکاریں اسے کہاں

صحرا بھی اب تو خلق سے معمور ہو گیا

کیوں اس نے ہاتھ کھینچ لیا میرے قتل سے

کیوں مجھ پہ رحم کھا کے وہ مغرور ہو گیا

سب اپنے اپنے گھر میں نظر بند ہو گئے

اب شہر پر سکون ہے مشہور ہو گیا

قسمت نے لا کے اس کو کھڑا کر دیا کہاں

آئینہ دیکھنے پہ وہ مجبور ہو گیا

مزید غزلیں از فرخ جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں