پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فرخ عدیل کی غزلیں — Farrukh Adeel Ghazals

فرخ عدیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پہلے جو میرا رنگ تھا اب وہ نہیں رہا (غزل)

پہلے جو میرا رنگ تھا اب وہ نہیں رہا

میلا کیا ہے جس نے وہی دھو نہیں رہا

جاگا ہوا ہے دل میں کوئی درد بے کراں

لوری سنا رہا ہوں مگر سو نہیں رہا

سوچو ذرا یہ کتنی اذیت کی بات ہے

ہم مر رہے ہیں اور کوئی رو نہیں رہا

یعنی چرا کے لے ہی گیا ہے مجھے وہ شخص

آئینہ کہہ رہا ہے کہ تو وہ نہیں رہا

نزدیک ہے کہ اب مجھے ڈس لے سیاہ رات

میرا وجود جلتا دیا جو نہیں رہا

تھا مان بہت جس پہ جدائی نہیں دیتا (غزل)

تھا مان بہت جس پہ جدائی نہیں دیتا

اب ڈھونڈ رہا ہوں تو دکھائی نہیں دیتا

تو قد میں بڑا ہے سو مجھے چیخنا ہوگا

کہتے ہیں بلندی پہ سنائی نہیں دیتا

پر کاٹ کے وہ باب قفس کھول رہا ہے

ایسا بھی نہیں ہے کہ رہائی نہیں دیتا

روشن ہے وہ اتنا کہ اسے دور سے دیکھو

نزدیک سے وہ شخص دکھائی نہیں دیتا

اندھا ہے جسے سانس دکھائی نہیں دیتی

بہرا ہے جسے زخم سنائی نہیں دیتا

وہ شخص نہ بولے تو مجھے لگتا ہے ایسے

جیسے کوئی برسوں کی کمائی نہیں دیتا

مزید غزلیں از فرخ عدیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں