فرخ نواز فرخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بند مٹھی سے نکل جاتے ہو حد کرتے ہو (غزل)
بند مٹھی سے نکل جاتے ہو حد کرتے ہو
سپنے بھر بات ہی منواتے ہو حد کرتے ہو
جسم کی ایسی مہک جو مجھے پاگل کر دے
بن کے خوشبو مجھے مہکاتے ہو حد کرتے ہو
کیا کہوں کون سا جادو ہے ترے ہاتھوں میں
مرے بالوں کو جو سہلاتے ہو حد کرتے ہو
جان من ایک گھڑی دیکھ کہ دل دکھتا ہے
چھوڑ کر جب مجھے گھر جاتے ہو حد کرتے ہو
اب تلک پورا کوئی بھی نہیں کر پائے تم
خواب پھر بھی ہمیں دکھلاتے ہو حد کرتے ہو
اپنے حق کے لیے آواز اٹھاؤں جس دم
مجھ کو دیوار میں چنواتے ہو حد کرتے ہو
عمر بھر کون جواں رہتا ہے جان فرخؔ
پھر بھی تم حسن پہ اتراتے ہو حد کرتے ہو
نہیں ہے پاس مگر تو دکھائی دیتا ہے (غزل)
نہیں ہے پاس مگر تو دکھائی دیتا ہے
ترا خیال مجھے کب رہائی دیتا ہے
ترے لبوں سے ادا ہو اگر کوئی جملہ
مجھے وہ شعر کی صورت سنائی دیتا ہے
مرا گمان بدل جاتا ہے حقیقت میں
بغیر پوچھے جب اپنی صفائی دیتا ہے
گھٹا بھی دے یہ جدائی کا بے ثمر موسم
بھلا تو کیوں مجھے زخم جدائی دیتا ہے
قریب آ کے فقط ایک فکر لاحق ہے
وہ دل تک اپنے مجھے کب رسائی دیتا ہے
مرے رفیق مرے غم گسار تو ہی بتا
ہر ایک چہرے میں وہ کیوں دکھائی دیتا ہے
مری کتاب کی کوئی غزل اٹھا لے تو
ہر ایک شعر کا مصرع دہائی دیتا ہے
جو میری مانے تو فرخؔ اسے بھلا دے اب
وفا کے بدلے میں جو بے وفائی دیتا ہے