پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاروق مضطر کی غزلیں — Farooque Muztar Ghazals

فاروق مضطر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شفق شب سے ابھرتا ہوا سورج سوچیں (غزل)

شفق شب سے ابھرتا ہوا سورج سوچیں

برف کی تہہ سے کوئی چشمہ ابلتا دیکھیں

روشنی دھوپ ہوا مل کے کیا سب نے نڈھال

اب تمنا ہے کسی اندھے کنویں میں بھٹکیں

جلتے بجھتے ہوئے اس شہر پہ کیا کچھ لکھا

آج سب لکھا ہوا آنکھ پہ لا کر رکھ دیں

جانے کیوں ڈوبتا رہتا ہوں میں اپنے اندر

جانے کیوں سوجھتی رہتی ہیں یہ الٹی باتیں

چھین لیں اپنی مروت کا یہ زینہ گر ہم

آج مضطرؔ اسے آکاش سے گرتا دیکھیں

یوں حجرۂ خیال میں بیٹھا ہوا ہوں میں (غزل)

یوں حجرۂ خیال میں بیٹھا ہوا ہوں میں

گویا مرا وجود نہیں واہمہ ہوں میں

پھیلا ہے جب سے گھر میں سمندر سکوت کا

بے چارگی کی چھت پہ کھڑا چیختا ہوں میں

دیکھو مری جبیں پہ مرے عہد کے نقوش

رکھو مجھے سنبھال کے اک آئنہ ہوں میں

اب تک شب قیام کا اک سلسلہ بھی تھا

اب آفتاب بن کے سفر پر چلا ہوں میں

خود سے تو روشناس ابھی تک نہ ہو سکا

یہ اتفاق ہے کہ جو تم سے ملا ہوں میں

الف سے آدمی (نظم)

الف سے آدمی

الف سے آم ہے

دھوپ بے رنگ ہے

درد بے نام ہے

آنکھ کم کوش ہے

آنکھ خاموش ہے

دھوپ سے درد تک

رنگ سے نام تک

سبز آغاز سے

سرخ انجام تک

صید سے دام تک

ایک آواز ہے

سلسلہ سلسلہ

ایک احساس ہے

دائرہ دائرہ

ایک تو قید ہے

ایک میں قید ہوں

ایک تو دام ہے

ایک میں دام ہوں

ایک تو صید ہے

ایک میں صید ہوں

مزید غزلیں از فاروق مضطر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں