پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاروق راہب کی غزلیں — Farooque Rahib Ghazals

فاروق راہب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھول خوشبو سبز منظر بولتے ہیں (غزل)

پھول خوشبو سبز منظر بولتے ہیں

ہو اگر احساس پتھر بولتے ہیں

ریت سیپوں سے سمندر بولتے ہیں

یہ صداؤں کے شناور بولتے ہیں

خاک میں ہیں شان شوکت کے امیں اب

اجڑے محلوں کے کبوتر بولتے ہیں

بے حسی دنیا میں اتنی بڑھ گئی ہے

درمیاں اپنوں کے خنجر بولتے ہیں

موت کے سائے کا راہب خوف کیا ہے

پاسدار سچ برابر بولتے ہیں

انہونی اک بات ہوئی ہے تم بھی چپ ہو ہم بھی چپ (غزل)

انہونی اک بات ہوئی ہے تم بھی چپ ہو ہم بھی چپ

ہونٹوں پہ کیا بیت رہی ہے تم بھی چپ ہو ہم بھی چپ

طوفاں طوفاں شور ہوا تھا واویلا تھا ہنگامہ تھا

پھر تو وہی اک خاموشی ہے تم بھی چپ ہو ہم بھی چپ

ہنگامے جب ٹوٹ گئے ہیں سرد پڑی ہیں چیخیں بھی

خاموشی ہی ساتھ چلی ہے تم بھی چپ ہو ہم بھی چپ

پتا پتا بول اٹھا ہے گلشن گلشن چیخ رہا ہے

موسم گل میں آگ لگی ہے تم بھی چپ ہو ہم بھی چپ

برسوں سے ہم ڈھونڈ رہے تھے صدیوں سے ہم پوچھ رہے تھے

اب منزل جب پاس کھڑی ہے تم بھی چپ ہو ہم بھی چپ

مزید غزلیں از فاروق راہب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں