فاروق عادل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مرا دل ایسا توڑا ہے کسی نے (غزل)
مرا دل ایسا توڑا ہے کسی نے
کہیں کا بھی نہ چھوڑا ہے کسی نے
بہت شفاف ہے پانی یہاں کا
تو کیا دامن نچوڑا ہے کسی نے
میں غفلت میں پڑا تھا مدتوں سے
مجھے آ کر جھنجھوڑا ہے کسی نے
محبت کی کہانی کیا بتائیں
بنا کر اپنا چھوڑا ہے کسی نے
شکن ماتھے کی تیری کہہ رہی ہے
کلائی کو مروڑا ہے کسی نے
مرا ہی نام لکھا ہوگا فاروقؔ
وہ اک کاغذ جو موڑا ہے کسی نے
بے کار جیا کرتے ہو مر کیوں نہیں جاتے (غزل)
بے کار جیا کرتے ہو مر کیوں نہیں جاتے
جب ٹوٹ چکے ہو تو بکھر کیوں نہیں جاتے
معلوم ہے ہو جائے گا غرقاب سفینہ
ٹوٹی ہوئی کشتی سے اتر کیوں نہیں جاتے
پھولوں کی تمنا ہے اگر دل میں ذرا بھی
ہنستے ہوئے کانٹوں سے گزر کیوں نہیں جاتے
فرقوں میں بٹے ہو کہیں ذاتوں میں بٹے ہو
حالات کے مارے ہو سدھر کیوں نہیں جاتے
بیزار اگر عہد وفا سے ہے طبیعت
ایسا کرو وعدے سے مکر کیوں نہیں جاتے
فاروقؔ یہ کیا حال بنا رکھا ہے تم نے
اب رات گزرنے کو ہے گھر کیوں نہیں جاتے