پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاروق زمن کی غزلیں — Farooq Zaman Ghazals

فاروق زمن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چھپا کر عشق کی خوشبو کو تو رکھا نہیں جاتا (غزل)

چھپا کر عشق کی خوشبو کو تو رکھا نہیں جاتا

نظر اس کو بھی پڑھ لیتی ہے جو لکھا نہیں جاتا

بہت ہلچل سی ہوتی ہے ہمارے خون میں یارو

کسی پر ظلم ہو تو ہم سے وہ دیکھا نہیں جاتا

کسی کی بد دعا اس کی ترقی روک دیتی ہے

تکبر کا شجر پھلتا ہے پر اونچا نہیں جاتا

بہانے نت نئے ہر دن بنا کرتے ہو تم صاحب

ہمیں یہ صاف ہی کہہ دو کہ اب آیا نہیں جاتا

یہ شفقت ان کے حق میں نہ کوئی دیوار بن جائے

بگڑ جاتے ہیں یہ بچے اگر ٹوکا نہیں جاتا

جسے چاہا تھا پوجا تھا زمنؔ گہرائی سے دل کی

ہمارے ذہن کے گوشے سے وہ چہرہ نہیں جاتا

درد بھی ہو زیادہ تو کم کم لگے (غزل)

درد بھی ہو زیادہ تو کم کم لگے

تو نمک بھی لگائے تو مرہم لگے

کتنی پیاری محبت کی سرگم لگے

ننھی بٹیا کے پائل کی چھم چھم لگے

جب بھی پیتا ہوں مجھ کو خدا کی قسم

ماں کے ہاتھوں کا پانی بھی زمزم لگے

جب تلک تم مرے ساتھ چلتے رہے

مجھ کو راہوں کے کانٹے بھی ریشم لگے

تم اگر ساتھ ہوں تو خزاں بھی مجھے

خوب صورت بہاروں کا موسم لگے

اے زمن کہکشاں پھول تارے قمر

ان کے آگے مجھے سارے مدھم لگے

مزید غزلیں از فاروق زمن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں