فاروق صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بھٹک رہی ہے اندھیرے میں زندگی تو نہیں (غزل)
بھٹک رہی ہے اندھیرے میں زندگی تو نہیں
وہ جس کو ڈھونڈ رہا ہوں کہیں وہی تو نہیں
دکھائی دیتا ہے اب بھی دھواں دھواں ہر سو
لگی تھی آگ جو گھر میں ابھی بجھی تو نہیں
بھٹک رہی ہے جو کرب و الم کے صحرا میں
اسے پکار کے دیکھو وہ زندگی تو نہیں
وہ لاش دیکھ کے دشمن کی رو دیا آخر
ہزار کچھ ہو یہ انسانیت مری تو نہیں
نہیں ہے دولت دنیا تو غم نہیں فاروقؔ
متاع درد کا ہم سے کوئی دھنی تو نہیں
دشت گماں کو نور یقیں کا جمال دے (غزل)
دشت گماں کو نور یقیں کا جمال دے
تاریکیوں کے رخ پہ سویرا اچھال دے
پلٹوں میں خالی ہاتھ تجھے کب روا ہے یہ
کچھ تہمتیں ہی لا مری جھولی میں ڈال دے
لہجہ بگاڑ کر نہ کسی سے کلام کر
نفرت بھی ہو اگر تو سلیقے سے ٹال دے
پیشانیوں کے بال اسی کی پکڑ میں ہیں
جس کو بھی جیسے چاہے عروج و زوال دے
شاید کہ رنگ لائے محبت کی زندگی
فاروقؔ دل کا خون بھی اشکوں میں ڈھال دے