پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فاروق شمیم کی غزلیں — Farooq Shamim Ghazals

فاروق شمیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں تو لمحات کی سازش کا نشانہ ٹھہرا (غزل)

میں تو لمحات کی سازش کا نشانہ ٹھہرا

تو جو ٹھہرا تو ترے ساتھ زمانہ ٹھہرا

آنے والے کسی موسم سے ہمیں کیا لینا

دل ہی جب درد کی خوشبو کا خزانہ ٹھہرا

یاد ہے راکھ تلے ایک شرارے کی طرح

یہ جو بجھ جائے ہواؤں کا بہانہ ٹھہرا

جھوٹ سچ میں کوئی پہچان کرے بھی کیسے

جو حقیقت کا ہی معیار فسانہ ٹھہرا

عکس بکھرے ہوئے چہروں کے ہیں ہر سمت شمیمؔ

دل ہمارا بھی کوئی آئنہ خانہ ٹھہرا

جو خود پہ بیٹھے بٹھائے زوال لے آئے (غزل)

جو خود پہ بیٹھے بٹھائے زوال لے آئے

کہاں سے ہم بھی لکھا کر کمال لے آئے

کواڑ کھولیں تو اڑ جائیں گی ابابیلیں

نہ جانے ذہن میں کیسا خیال لے آئے

ہر ایک شخص سمجھ کر بھی ہو گیا خاموش

ازل سے چہرے پہ ہم وہ سوال لے آئے

ہیں راکھ راکھ مگر آج تک نہیں بکھرے

کہو ہوا سے ہماری مثال لے آئے

سلگتی بجھتی ہوئی زندگی کی یہ سوغات

شمیمؔ اپنے لیے ماہ و سال لے آئے

مزید غزلیں از فاروق شمیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں