فاروق رحمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو پہلے ذرا سی نوازش کرے ہے (غزل)
جو پہلے ذرا سی نوازش کرے ہے
وہی پھر شب و روز سازش کرے ہے
وہ دھوکے پہ دھوکہ دیے جائے لیکن
یہ دل پھر بھی اس کی سفارش کرے ہے
کسی دن ملے وہ کھلونوں کی صورت
مرا دل بھی بچوں سی خواہش کرے ہے
یہ دل کا خلل جان لے کر رہے گا
مسیحا تو بیکار کوشش کرے ہے
میں اس کی رگوں میں لہو بن کے دوڑوں
وہ میرے بدن میں رہائش کرے ہے
اسے پیاس صحرا کی بھاتی نہیں ہے
وہ فاروقؔ دریا پہ بارش کرے ہے
دل کے ماروں سے دل لگی چاہے (غزل)
دل کے ماروں سے دل لگی چاہے
موت قسطوں میں زندگی چاہے
میں تو چاہوں اسے قیامت تک
وہ ملاقات سرسری چاہے
شہر کا شہر میرے قدموں میں
دل مگر یار کی گلی چاہے
سب کی مرضی سے جی کے دیکھ لیا
اب وہی کر جو تیرا جی چاہے
میں سمندر کا کیا کروں فاروقؔ
پیاس چڑھتی ہوئی ندی چاہے
مزید غزلیں از فاروق رحمان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں