فاروق راحیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھ سے آنکھ ملاتے ہوئے ڈر لگتا ہے (غزل)
آنکھ سے آنکھ ملاتے ہوئے ڈر لگتا ہے
اب کوئی خواب سجاتے ہوئے ڈر لگتا ہے
دوستی جب سے اندھیروں سے ہوئی ہے اپنی
ان چراغوں کو جلاتے ہوئے ڈر لگتا ہے
بے خیالی میں ترا نام تو لکھ لیتے ہیں
پھر ہتھیلی سے مٹاتے ہوئے ڈر لگتا ہے
کوئی پڑھ لے مری آنکھوں میں نہ تحریر تری
مجھ کو خط تیرے جلاتے ہوئے ڈر لگتا ہے
میری نسبت سے زمانے نے جسے جانا تھا
لب پہ نام اس کا بھی لاتے ہوئے ڈر لگتا ہے
اس کی خوشبو وہاں ہر شئے میں بسی ہے راحیلؔ
اب تو کمرے میں بھی جاتے ہوئے ڈر لگتا ہے
سوچ نیزہ بن گئی تو لفظ خنجر بن گئے (غزل)
سوچ نیزہ بن گئی تو لفظ خنجر بن گئے
میرے اندر قتل اس کے کتنے لشکر ہو گئے
اتنے سنگیں ہیں حقائق اس کا اندازہ نہ تھا
آئنے تیرے شہر کے سارے پتھر ہو گئے
ریت کا طوفان آ کے ایسا ٹھہرا آنکھ میں
گہری ندیاں ہو گئیں اتھلے سمندر ہو گئے
جسم کے اندر کبھی فولاد کی دیوار تھے
ہاتھ میں لکڑی کی ہم تلوار آ کر ہو گئے
چاپلوسی کے عہد کا یہ کرشمہ دیکھیے
جن کو چلنا بھی نہیں آتا تھا رہبر ہو گئے
دھوپ میں جلتے ہوئے ٹھوس بدن (نظم)
دھوپ میں جلتے ہوئے ٹھوس بدن
شام ڈھلتے ہی پگھل جاتے ہیں
پھر بھڑک اٹھتے ہیں زخموں کے چراغ
جسم بستر پہ بکھر جاتے ہیں
ٹیسیں اٹھتی ہیں رگ و پے میں کوئی
درد رہ رہ کے اٹھا جاتا ہے
درد ہے ایک وراثت اپنی
درد نہ ہو تو ہے انساں پتھر
آؤ اس درد کو کر لیں تقسیم
بانٹ لیں ہم یہ وراثت اپنی
اس وراثت کی چلو لاج رکھیں
عہد نو کی نئی بنیاد رکھیں
اپنی نسلوں کی حفاظت کے لیے
آؤ اس درد کو محسوس کریں
اپنی میراث کی تعظیم کریں